تازہ ترین

دنیا کی سب سے کم وزن بچی صحت یاب

دنیا میں سب سے کم وزن کے ساتھ پیدا ہونے والی بچی کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور میں پیدا ہونے والی بچی کا وزن پیدائش کے وقت ایک ’سیب‘ کے برابر یعنی 212 گرام اور لمبائی 24 سینٹی میٹر تھی۔

نومولود کی پیدائش صرف 25 ہفتوں میں ہوئی تھی یعنی بچی معمول کے 40 ہفتوں کی پیدائش سے بھی 15 ہفتے پہلے پیدا ہوئی تھی۔

بچی کی والدہ کے بلند فشار خون کے باعث زچہ و بچہ کی جان کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر ڈاکٹروں کو پیدائش کے مقررہ وقت سے تقریباً 4 ماہ قبل ہنگامی بنیادوں پر آپریشن کرنا پڑا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پیدائش کے وقت بچی کا بچنا مشکل معلوم ہورہا تھا تاہم 13 ماہ بعد کویک یو زوان کا وزن ایک صحت مند بچے کے برابر یعنی 6.3 کلو گرام ہوچکا ہے اور بچی کو اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بچی کویک یوزوان سے قبل پیدائش کے وقت سب سے کم وزن رکھنے والی بچی کا تعلق امریکا سے تھا جو 2018 میں پیدا ہوئی تھی اور پیدائش کے وقت اس کا وزن 245 گرام تھا۔

Comments

- Advertisement -