اشتہار

مینار پاکستان واقعے پر شوبز شخصیات کا غم و غصے کا اظہار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: مینار پاکستان پر 14 اگست کے روز ٹک ٹاکر عائشہ اکرام سے بدسلوکی کے واقعے پر شوبز شخصیات نے بھی غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان پر 14 اگست کے روز خاتون ٹک ٹاکر سے درندگی کے واقعے پر شوبز شخصیات نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔

شہزاد رائے، مشی خان، وقار ذکا، منشا پاشا نے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لڑکی پر سوال اٹھانے اور اس کی ویڈیو شیئر کرنے کی بجائے اسے سپورٹ کیا جائے۔

- Advertisement -

اداکار عثمان خالد بٹ نے لکھا کہ ’ایک اور دن ایک اور واقعہ، ایک اور لمحہ جس نے ہمارے سر شرم سے جھکا دیے، عمل صرف مذمت نہیں ہے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

اداکارہ صبا قمر نے لکھا کہ میرے پاس اس وقت الفاظ نہیں ہیں، وقت آگیا ہے کہ ہمیں جلد از جلد ایکشن لینا چاہیے ورنہ یہ سلسلہ چلتا رہے گا اور ہم ہمیشہ کی طرح ایک معاشرے کی طرح ناکام ہوتے رہیں گے۔

اداکار فرحان سعید نے لکھا کہ آج ایک آدمی ہونے پر شرمندگی ہے، شرم آتی ہے کہ اس ملک کے مرد ہر دوسرے دن یہ خوفناک حرکتیں کرتے رہتے ہیں، شرم آتی ہے کہ میرے ملک کا قانون ان شکاریوں کو پھانسی نہیں دیتا تاکہ ایسا نہ ہو۔

یاد رہے لاہور گریٹر اقبال پارک میں 14 اگست کے روز ویڈیو بنانے آنے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرام کو ہجوم نے ہراساں کیا تھا، واقعے میں ملوث 400 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ، جس میں متاثرہ خاتون نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ان پر تشدد کیا گیا، موبائل فون اور نقدی بھی چھین لی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں