تازہ ترین

ٹوئٹر پر اہم ترین فیچر متعارف

ٹوئٹر نے صارفین کے لیے ایک اہم ترین فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، یہ ایک ‘سافٹ بلاک’ فیچر ہے جس کے استعمال کے ذریعے کسی صارف کو بلاک نہیں کرنا پڑے گا۔

اس نئے فیچر کا تعلق ٹوئٹر کے نئے پرائویسی ٹولز سے ہے، جس کے ذریعے اب صارف کسی فالوور کو بلاک کیے بغیر ہٹا سکے گا یعنی ان فالو کر سکے گا، ٹوئٹر نے اس کی ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے۔

ٹوئٹر سپورٹ نے 8 ستمبر کے ٹوئٹ میں اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ اپنے پروفائل پیج سے فالوورز کی فہرست سے کسی بھی فالوور کو ہٹا سکتے ہیں۔

ٹوئٹر سپورٹ کے مطابق آپ نے فالوور کے نام کے آگے صرف تین نقطوں والے مینیو پر کلک کرنا ہے، جس پر ‘ریموو فالوور’ کا آپشن آئے گا، اسے کلک کرنے کے بعد آپ کے ٹوئٹس اس صارف کی ٹائم لائن پر پھر دکھائی نہیں دیں گے۔

یعنی اگر آپ کسی فالوور سے تنگ ہیں تو اب بڑے آرام سے اسے اپنے فالوورز کی لسٹ سے ہٹا سکیں گے، جس کا نوٹیفکیشن بھی اس شخص کو موصول نہیں ہوگا۔ فیچر کے تحت ان فالو کرنے والوں کو نوٹیفیکشن نہیں بھیجا جائے گا جس سے انھیں یہ پتا چل سکے کہ وہ لِسٹ سے نکالے جا چکے ہیں کیوں کہ اگر انھیں یہ معلوم ہو جاتا ہے تو وہ دوبارہ فالو کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل صارفین کے پاس ان فالو کا آپشن نہیں تھا بلکہ انھیں اس کے لیے اس مخصوص شخص کو بلاک کرنا پڑتا تھا، ٹوئٹر کا یہ فیچر ابھی صرف ویب ورژن پر صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ یہ کسی صارف کو بلاک کرنے سے بالکل مختلف ہے، اس کے ذریعے دوسرا صارف آپ کے ٹوئٹس اور ڈائریکٹ میسجز دیکھنے سے رک جائے گا، اور اسی طرح آپ بھی اس کی سرگرمی دیکھ نہیں پائیں گے۔ ٹوئٹر کا یہ نیا ریموو فالوور فیچر ان فالو کے بٹن سے بھی کچھ الگ ہے، کیوں کہ یہ ٹویٹر پر آپ اور کسی اور کے درمیان تھوڑا فاصلہ پیدا کرنے کا ایک نرم طریقہ ہے۔

اگر وہ صارف پھر آپ کو فالو کرنا چاہے گا تو آپ کے وہ ٹوئٹس جنھیں دیکھنے کی اجازت آپ نے صرف اپنے فالوورز کو دی ہوگی، ان ٹوئٹس کو دیکھنے کے لیے اس صارف کو آپ کی اجازت درکار ہوگی، یعنی آپ ان کی فالوئنگ کی درخواست کو قبول کریں گے تو وہ دیکھ سکیں گے۔

Comments

- Advertisement -