تازہ ترین

کیڑوں نے شہر پر دھاوا بول دیا، ویڈیو منظرعام پر آگئی

ارجنٹائن کے سانتا ازابیل شہر میں بیٹلز کے حملے نے عمارتوں اور املاک کو نقصان پہنچا دیا جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے وسطی صوبے لاپمپا کے تقریباً 2500 ایکڑ پر پھیلے قصبے ایک ہفتے تک کیڑوں کے جھنڈ سے دوچار ہے مقامی لوگ سڑکوں پر نکلنے سے قاصر ہیں اور اپنے گھروں میں محصور ہیں۔

ڈپٹی میئر کرسٹیان ایچیگرے نے میڈیا کو بتایا کہ بیٹلز ہر جگہ موجود ہیں دکانوں، گھروں اور سڑکوں پر بھی ان کا قبضہ ہے۔

پولیس نے کیڑوں کو تھانے، رہائشی عمارتوں، گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ نالیوں کو جام کرنے سمیت دیگر تکالیف کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقامی حکام ‘حملے’ کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں یہاں تک کہ انہوں نے اس کی اسٹریٹ لائٹس اور پبلک بلڈنگ لائٹس کو بند کرنے کا سخت اقدام کیا۔

کیڑے کاٹتے یا ڈنک نہیں مارتے لیکن وہ ایک مضبوط خول سے محفوظ رہتے ہیں اور اڑتے وقت چیزوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہیں اس لیے مقامی لوگوں کو چوٹ سے بچنے کے لیے باہر رہتے ہوئے اپنے چہرے ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی۔

کچھ رہائشی بڑے پیمانے پر اپنی مدد آپ کے تحت کیڑوں کو گھروں‌ سے باہر نکال رہے ہیں اور انہیں شہر سے باہر بھی پھینک رہے ہیں۔

حکام کی جانب سے اس کی وجہ غیرمعمولی طور پر ہونے والی شدید بارشوں اور ہیٹ ویو کو قرار دیا جارہا ہے جہاں درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں اور شدید گرمی کے سبب کیڑوں کی افزائش ہوئی اور یہ زمین کے نیچے نشونما پاتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -