تازہ ترین

ملک میں ایمرجنسی لگانی چاہیے تاکہ ڈالر باہر نہ جائے، عمران خان

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج ملک میں سب سے زیادہ ڈالر کا کرائسز آیا ہوا ہے، ایمرجنسی لگانی چاہیے کہ ڈالر باہر نہ جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پارٹی کے نیشنل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان میں سب سے زیادہ ڈالر کا کرائسز آیا ہوا ہے، اس وقت ملک میں ایمرجنسی لگانی چاہیے تاکہ ڈالر باہر نہ جائے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا روپیہ تین سے 4 ماہ میں 30 فیصد گر گیا ہے۔ سب پاکستانیوں کو کہنا چاہیے کہ پاکستان سے باہر انویسٹمنٹ نہ کریں۔ ڈالر کا بحران ہے، یہ مہنگا ہوتا ہے تو ان ڈاکوؤں کو فائدہ ہوتا ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھنا بھی ان کے ذاتی مفاد میں ہے۔ اللہ نے اتنی نعمتیں دی ہیں کہ پاکستان کو اپنی طاقت کا ہی نہیں پتہ۔

سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج ملک میں سب سے زیادہ ڈالر کا کرائسز آیا ہوا ہے۔ یہ اوورسیز کو کہتے ہیں پیسہ پاکستان لاؤ اور اپنا پیسہ باہر لے جاتے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم، وزیر بننا چاہتے ہیں اور پیسہ ملک سے باہر رکھا ہوا ہے۔ ان کے بچے کہتے ہیں ہم پاکستان کے شہری ہی نہیں۔ جب تک ایسی قیادت کا راستہ نہیں بند کرینگے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ ملک کی قیادت ان لوگوں کو کرنی چاہیے جن کا سب کچھ پاکستان میں ہو۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر پُر امن احتجاج کا اعلان

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت گئی تو زرمبادلہ اور ترسیلات زر میں کمی آنا شروع ہو گئی۔ مارچ میں بیرونی خسارہ 2.6 ارب ڈالر تھا جو آج 6.2 ارب ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔ جب عدم اعتماد لائی گئی تو ملکی خزانے میں 16.45 ارب ڈالر تھے، آج 8.4 ارب ڈالر پر آگئے ہیں۔ ورلڈ بینک رپورٹ تھی کہ کورونا کے دوران سب سے کم بیروزگاری پاکستان میں تھی۔

Comments

- Advertisement -