تازہ ترین

مہنگائی اور سیلاب میں گھرے عوام پر پھر بجلی گرانے کی تیاری

حکومت نے مہنگائی میں پسے عوام پر پھر بجلی گرانے کی تیاری کرلی ہے، بجلی فی یونٹ 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا کل سماعت کریگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا کل سماعت کریگا، یہ اضافہ جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے جس سے صارفین پر 65 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

سی پی پی اے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں پانی سے 35.17 فیصد جب کہ کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی، ڈیزل سے 1.46 فیصد اور فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ مقامی گیس سے 10.36فیصد، درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد اور جوہری ایندھن سے 14.20 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سی پی پی اے کے مطابق ڈیزل سے پیدا بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی اور فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے پیدا بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی جب کہ جوہری ایندھن سے پیدا شدہ بجلی کی لاگت ایک روپے فی یونٹ رہی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی میں کل 13 ارب 76 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جولائی کیلئے ریفرنس لاگت 6 روپے 28 پیسے فی یونٹ مقرر تھی تاہم بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے 98 پیسے فی یونٹ رہی۔

Comments

- Advertisement -