جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کو اعلان کردہ احتجاج کی حمایت کر دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو احتجاج کا حق حاصل ہے اور اس کو احتجاج کرنا چاہیے۔ جماعت اسلامی اس کے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
حافظ نعیم نے جے یو آئی کی جانب سے پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اس بارے میں مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں کہ وہ تحریک انصاف کے احتجاج میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں یا نہیں، وہ تو 26 ویں آئینی ترمیم پاس کروانے میں ان کے ساتھ ساتھ تھے۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اتوار 24 نومبر کو اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے ڈی چوک اسلام آباد پر احتجاج اور دھرنے کی کال دے رکھی ہے اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ مطالبات کی منظوری تک وہاں سے واپس نہیں جانا ہے۔
ایک جانب جہاں پی ٹی آئی کی جانب سے اس احتجاج کی کامیابی کے لیے تیاریاں جاری ہیں تو وہیں دوسری جانب حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی بھی حکمت عملی اور تیاریاں جاری ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 پہلے ہی نافذ کی جاچکی ہے جب کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے اٹک، راولپنڈی اور جہلم میں رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے جب کہ آئی جی پنجاب نے چاروں صوبوں کی پولیس سے معاونت، اہلکار، شیلز، ڈنڈے، گاڑیاں مانگ لی ہیں۔
’بانی پی ٹی آئی کو 24 نومبر کا احتجاج 10 دن ملتوی کرنے کا پیغام بھجوایا گیا ہے‘