تازہ ترین

گورنر پنجاب سے اختلافات، ایچی سن کالج کے پرنسپل مستعفی

معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج لاہور کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر کے بچوں کے جرمانہ معافی سے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ایک وفاقی وزیر کے بچوں کے جرمانہ معافی معاملے پر اختلافات کے بعد لاہور کے معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

مستعفی ہونے کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے عملے کے نام خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں اقربا پروری اور سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، بورڈ کی سطح پر جو ہو رہا ہے وہ آپ سب کو معلوم ہے۔

پرنسپل نے مزید لکھا کہ کالج کی شہرت کی حفاظت کے لیے بھرپور کوشش کی لیکن چند افراد کی خاطر پالیسیوں میں تباہ کن تبدیلیاں لائی گئیں اور گورنر ہاؤس کے جانبدارانہ اقدامات کے باعث گورننس کا نظام تباہ ہو گیا۔

مائیکل اے تھامسن نے کہا کہ اتنی در اندازی کامیابی سے چلنے والے اسکول کے لیے ناقابل یقین ہے، انتہائی بُری گورننس کی وجہ سے میرے پاس استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچا۔ یکم اپریل کو اسکول چھوڑ رہا ہوں اور داخلوں کا حصہ نہیں بنوں گا۔

Comments

- Advertisement -
حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں