تازہ ترین

سعودشکیل کی سنچری، پاکستان کے 9 وکٹوں پر 407 رنز

پاکستان نے کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پہلی اننگز میں 9 وکٹ پر407 رنز بنا لیے ہیں اور گرین کیپس کو ابھی بھی نیوزی لینڈ کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 42 رنز درکار ہیں۔

پاکستان تیسرے روز بھی نیوزی لینڈ کی برتری ختم نہ کر سکا۔ امام الحق اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کی۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی۔ یہ ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دوسری اور کیریئر کی بھی دوسری سنچری ہے۔

آج تیسرے روز امام الحق کی صورت میں چوتھی وکٹ گرنے کے بعد سعود شکیل اور سرفراز احمد نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 150 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ سعود شکیل کی سنچری مکمل ہوتے ہی سرفراز احمد اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 78 رنز اسکور کیے۔

Image

پاکستان کی جانب سے امام الحق 83، بابر اعظم 24، شان مسعود 20 اور عبداللہ شفیق نے 19 رنز بنائے۔ آخری سیشن میں نیوزی لینڈنے بازی پلٹ دی۔ تیسرے سیشن میں آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ اعجاز پٹیل نے3، اش سوڈھی نے2 وکٹیں حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس اننگ کی خاص بات اوپنر کانوے کی سنچری کے ساتھ آخری وکٹ کی سنچری پارٹنر شپ شراکت تھی۔ پاکستانی بولر دوسرے روز 345 رنز پر مہمان ٹیم کے 9 کھلاڑی آؤٹ کرچکے تھے تاہم میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل نے بولر کی محنت پر پانی پھیر دیا اور دونوں نے مل کر 104 رنز جوڑے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانوے نے 122 رنز کی اننگ کھیلی، ٹام لیتھم 71، میٹ ہنری 68 ناٹ آؤٹ اور ٹام بلنڈن 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ، آغا سلمان نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Comments

- Advertisement -