تازہ ترین

’فضل الرحمان سمجھتے ہیں آئندہ حکومت ان کی آئے گی‘

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ فضل الرحمان سمجھتے ہیں کہ آئندہ حکومت ان کی آئیگی جب کہ حکومت کس کی آئیگی یہ تو الیکشن کے بعد ہی پتہ چلے گا۔

اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف اور پی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ فضل الرحمان سمجھتے ہیں کہ آئندہ حکومت ان کی آئیگی جب کہ حکومت کس کی آئیگی یہ تو الیکشن کے بعد ہی پتہ چلے گا لیکن ہم گورنر کے پی غلام علی سے خوش نہیں ہیں وہ مالی اور انتظامی کرپشن کر رہے ہیں اور ہماری پارٹی کو توڑ رہے ہیں۔ نگراں حکومت کو گورنر اور اکرم درانی چلا رہے ہیں۔

ایمل ولی نے کہا کہ میری لڑائی یہ بھی ہے کہ کوٹے کے حساب سے ہمارے نگراں صوبائی وزرا نہیں۔ جے یو آئی ف کے پاس 8 وزارتیں جبکہ ہمارے پاس صرف دو ہیں۔

اے این پی رہنما نے کہا کہ کہنے کو تو یہ نگراں حکومتیں ہیں لیکن سمجھوتے والی حکومتیں ہیں۔ وزیراعظم سے بھی بات کی لیکن مثبت ردعمل نہیں ملا۔ وزیراعظم بھی مولانا فضل الرحمان پر دباؤ نہیں ڈال سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے رجیم چینج کے بعد کہا تھا کے پی گورنر اےاین پی کا ہوگا لیکن ہم پی ڈی ایم میں گورنر شپ جے یو آئی ف کو دینے پر راضی ہوگئے اور اسی وجہ سے آصف زرداری مجھے سے ناراض بھی ہوئے، لیکن اب گورنر کی خدمات اور کرامات عوام کے سامنے آ رہی ہیں۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ گورنر کے پی نے پشاور کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا ہے، ہم فضل الرحمان سے بھی مطالبہ کرچکے ہیں کہ گورنر کے پی غلام علی کو تبدیلی کیا جائے۔

Comments

- Advertisement -