اپٹما نے ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب ہے انرجی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے ملکی معاشی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال سری لنکا کی طرح ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ حکومت ملک میں انرجی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرے۔
چیئرمین اپٹما رحیم ناصر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال سے سرمایہ کاروں میں بد اعتمادی پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں بلند شرح سود، مہنگائی اور روپے کی بے قدری جاری ہے۔ روپے کی بے قدری کے باعث معیشت تباہ ہو رہی ہے۔ ڈالر240 روپے تک پہنچ چکا ہے۔
رحیم ناصر کا کہنا ہے کہ معیشت سنبھالنے کے لیے ہنگامی اقدامات اور طویل مدتی پالیسی کی ضرورت ہے۔ برآمدات کے ذریعے ڈالرز کمانے پر توجہ دی جائے۔ درآمدی بل کو 5 ارب ڈالرز تک کم کیا جائے۔ گیس کو سودمند مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے اور گھریلو استعمال کے لیے گیس کا استعمال کم کیا جائے۔ اس کے لی انرجی ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حوالہ کے ذریعے 5 سے 10 ارب ڈالرز کا بیرونی دباؤ کم کیا جائے۔ برآمدی شعبوں کے لیے بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ جاری رکھے جائیں۔ ٹیکسٹائل سیکٹر میں 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور مزید سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔