اشتہار

ارشد شریف کی شہادت کی خبر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

اشتہار

حیرت انگیز

سینیئر صحافی اور نامور اینکر پرسن ارشد شریف کی شہادت کی خبر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیئر صحافی اور نامور اینکر پرسن ارشد شریف کی شہادت کی خبر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی اور سوشل میڈیا صارفین واقعے کی اطلاع پر غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔

ارشد شریف کینیا کے شہر نیروبی میں گولی لگنے سے شہید ہوئے، اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے چند گھنٹوں میں ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’ارشد شریف‘ اور ’قوم کا ہیرو ارشد شریف‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

- Advertisement -

ٹوئٹر پر ہزاروں صارفین نے ارشد شریف کی شہادت پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شہادت کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

 

دوسری جانب ارشد شریف کی شہادت پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب، پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور صحافتی تنظیموں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ صحافی ارشد شریف کی المناک موت کی افسوسناک خبر سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ارشد شریف کو جنت میں جگہ عطا فرمائے، سوگوار خاندان سے تعزیت اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد شریف کا قتل نا قابل یقین اور انتہائی صدمے کا باعث ہے، ان کا قتل صحافی برادری کیلیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کینیا حکام سے رابطے میں ہے، میں ارشد شریف کے قتل پر لواحقین، صحافی برادری اور ان کے مداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ارشد شریف کے انتقال پر اظہار افسوس کرتےہوئے کہا کہ واقعے سے متعلق حقائق جاننے کیلیے کینیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں، نیروبی میں پاکستانی سفارتخانہ ارشد شریف معاملے پر معاونت کر رہا ہے، غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد شریف کے پروگرامز اپنی نوعیت کے لحاظ سے منفرد ہوتے تھے، ہم ان کی فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ غمزہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی موت کی خبر سن کو بہت صدمہ ہوا، فواد چوہدری نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کی خبر پر دل لہو لہو ہے، ظلم حد پار کر گیا ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ارشد شریف شہید، یہ ناقابل یقین ہے، اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ارشد شریف کو جنت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے خاندان اور لاکھوں مداحوں دوستوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

شیخ رشید نے کہا کہ قوم کا بیٹا اور سچ کا سپاہی ارشد شریف آج شہید ہوگیا ہے، ٹوئٹ ارشد شریف کے نام کر رہا ہوں اور اس کے گھر جا رہا ہوں۔

بابر اعوان نے کہا کہ ارشد شریف کی شہادت پر اظہار رنج کے لئے الفاظ کم پڑ گئے ہیں، ابھی خبر دیکھی ہے، اس المناک سانحے پر یقین نہیں آ رہا۔

ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے ارشد شریف کی شہادت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی شہادت پوری صحافت اور قوم کے لئے بڑا صدمہ ہے، صدمے کے لمحات میں ان کے خاندان سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔

مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے تعزیتی بیان میں کہا کہ ارشد شریف ایک بہادر، ایماندار اور ذہین صحافی تھے، ان کے ایک بھائی نے اپنا خون ہماری مادر وطن کی مٹی پر نچھاور کیا، میرے پاس ارشد شریف کے اہلخانہ کے دکھ بانٹنے کیلیے الفاظ نہیں ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ارشد شریف کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں