تازہ ترین

رانا صاحب! آپکے وجود کو ختم کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں، اسد عمر

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے رانا صاحب آپ کے وجود کو ختم کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو پتہ نہیں کس نے ڈرایا ہے کہ ان کاوجود ختم ہونیوالا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب آپ کے وجود کو ختم کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ساڑھے 3 سال حکومت کی ہے وجود ختم کرنا ہوتا تو اس وقت کرتے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کیلئے مشکلات پیدا کرکے انہیں انتخابی مہم سے روکا جا رہا ہے۔ عدالت کو وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے۔ عمران خان کو الیکشن مہم سے روکنے کیخلاف پٹیشن تیار ہے جو کل دائر کردیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ آج بھی عمران خان عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ امید ہے سب معاملات خوش اسلوبی سے ہوں گے اور ان کی گاڑی کو اندر جانے کی اجازت دے دی جائیگی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ن لیگ نے دو بار مارچ کیا اسلام آباد میں کسی لیگی کارکن کو گرفتار نہیں کیا تھا۔ مریم نواز جب بھی پیشی پر جاتی تھیں تو ان کی گاڑی میں ساتھ پتھر لے جائے جاتے تھے جس کی ویڈیو بھی موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہمیں صرف ڈرانے کے لیے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ جب بھی عدالت حکم دیتی ہے تو عمران خان پیش ہوجاتے ہیں۔ ہم سب پاکستانی نظریہ، ایمان اور جذبے کے مطابق ملک کی خدمت کریں گے۔

Comments

- Advertisement -