تازہ ترین

گورنر ہاؤس سندھ کے باہر عوام کیلیے ’شکایتی گھنٹہ‘ لگا دیا گیا

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کے باہر ’شکایتی گھنٹہ‘ نصب کروا دیا جسے بجا کر عوام شکایت کر سکیں گے۔

گورنر کامران ٹیسوری نے ہاؤس کے باہر نصب شکایتی گھنٹہ بجا کر اس کا اففتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام گھنٹہ بجا کر شکایت کر سکتے ہیں، گھنٹہ بجانے کا وقت رات 12 سے صبح 8 بجے تک ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ رات 12 سے صبح 8 کوئی بھی پریشان حال جس کی فریاد نہیں سنی جا رہی تو وہ یہاں آ جائے، تین شفٹوں میں لوگ یہاں تعینات ہوں گے اور اس کی درخواست وصول کریں گے، اسی وقت متعلقہ حکام یا ادارے کو گورنر ہاؤس سے فون کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں ایک کیمرہ بھی لگایا گیا ہے جس کی خود مانیٹرنگ کروں گا تاکہ کوئی یہاں سے خالی ہاتھ نہ جا سکے، کچھ لوگوں نے اس بیل پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کی، ایک شخص 11 بجے یہاں آیا اور غلط ویڈیو بنائی۔

مردم شماری پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کی آبادی ڈیڑھ کڑور دکھائی جا رہی ہے تو مجھے گورنر رہنے کا حق نہیں، اگر صیح گنا نہیں جا رہا تو میں اپنا استعفیٰ خالد مقبول صدیقی کو بھجوا دوں گا، شہر کی آبادی ڈھائی کڑور سے کم نہیں ہے۔

Comments

- Advertisement -