اشتہار

’ 5 جولائی 1977 اس دن اقتدار کی بھوک میں مبتلا آمر نے قوم کو دلدل میں دھکیلا تھا‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان پیپلز پارٹی ہر سال کی طرح اس بار بھی 5 جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منارہی ہے، اس دن کے حوالے سے پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پیغام جاری کیا ہے۔

پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 5 جولائی پر پیغام میں کہا کہ 5 جولائی 1977 ہماری قومی تاریخ کا ایک یوم سیاہ ہے، اس دن اقتدار کی بھوک میں مبتلا آمر نے قوم کو دلدل میں دھکیلا تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 46 سال گزرنے کے بعد بھی ہم  اس دلدل سے جان نہیں چھڑا سکے، آمر ضیا پاکستان کے آئین اور پاکستانی قوم کا مجرم ہے، ضیاکی آمریت کے دوران شہری وانسانی حقوق کی پامالی کی گئی، اس دور میں جمہوریت کا مطالبہ کرنے والوں پر مظالم ڈھائے گئے تھے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ضیادورمیں جمہوریت کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آمروں اور کٹھ پتلیوں کا دور قصہ پارینہ بن چکا، اب پاکستان کا آج اور آنے والا  کل صرف جمہوریت ہے۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئین شکن ٹولے نے اقتدار کی لالچ میں قوم سے آئین کا نور چھین لیا تھا، اقتدار کے لالچی ٹولے نے وطن کی آزادی، خودمختاری، خودداری کو پامال کیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار بھٹو شہید نے باوقار، ایٹمی پاکستان کی تعمیر کی تھی، شہید کی زیرقیادت پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا تھا 5 جولائی1977 کو پاکستان کو اندھیرے کی طرف دھکیل دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آج تک 5 جولائی 1977 کے اقدام کا خمیازہ بھگت رہا ہے، لسانی، فرقہ وارنہ تعصب کی نرسریاں کھول کر معاشرے کو تباہ کیاگیا، زمین پر جنت جیسے علاقے وزیرستان کو شدت پسندوں سے آباد کیا گیا۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کیلئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی مشعل راہ ہے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان تعمیر کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں