اشتہار

منصوبہ بندی کرنے والوں کو عوام 8 فروری کو سرپرائز دینگے، بلاول زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کہا ہے کہ 8 فروری کو پاکستان کے عوام سرپرائز دیں گے، جو کمرے میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کررہے ہیں عوام 8 فروری کو انھیں جواب دینگے۔

بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات آرہے ہیں اور پیپلزپارٹی اپنی کارکردگی پر الیکشن لڑے گی۔ میں آپ کی ہی سیاست کرتاہوں اور اپنا مستقبل آپ پر چھوڑ رہا ہوں۔ 8 فروری کو پاکستان کے عوام سرپرائز دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جو کمرے میں بیٹھ کر ابھی سے منصوبہ بندی کررہے ہیں عوام 8 فروری کو انھیں جواب دیں گے۔ پاکستان کے عوام کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے۔ پاکستان کےعوام نے5 سال سلیکڈ راج بھگتا ہے۔

- Advertisement -

بلاول نے کہا کہ عوام کو اب سلیکٹڈ راج قبول نہیں ہے۔ ایک تحریک انتشار ہے جنھوں نے9 مئی کو اداروں پر حملہ کیا۔ تحریک انتشار نے جناح ہاؤس پر حملہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ انشااللہ 8 فروری کو تیر، پیپلزپارٹی اور عوام کی جیت ہوگی۔ لوگ پوچھتے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا منشور قائد عوام کا دیا ہوا منشور ہے۔ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

بینظیر بھٹو نے اسی نعرے کی بنیاد پر سیاست اور حکومت کی، وہ نعرہ ہے مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان۔ جب تک غربت اور مہنگائی ہے پی پی کا یہی نعرہ رہے گا۔

شہید بینظیر بھٹو نے ہمیں برابری کی سیاست سکھائی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیں ساتھ چلنے کی سیاست سکھائی، ہم رنگ ونسل اور مذہب میں فرق پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔

بلاول زرداری نے کہا کہ کچھ ایسی قوتیں ہیں جو تقسیم، نفرت کی سیاست پر یقین رکھتی ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کورد کیا ہے۔ تھرپارکر کے عوام اس کا سب سے بڑا ثبوت ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیرخارجہ بنا تو جہاں جاتا تھا تھرپارکر کا ذکر کرتا تھا۔ پاکستان کے بارے میں جو غلط فہمی عالمی میڈیا میں ہے اس کا جواب تھرکےعوام ہیں۔ آپ کی نمائندگی کیلئے بحیثیت وزیرخارجہ بھارت پہنچا تو وہاں بھی اپنا تھرپارکر یاد آیا

چیئرمین پی پی نے کہا کہ مودی سرکار کی سیاست، پارلیمان میں اقلیتوں کی نمائندگی نہیں۔ بھارت جا کر میں مہیش ملانی کا ذکر کرتا تھا۔ بھارتی سرزمین پر سوال کیا کہ ایک اقلیتی سیٹ بتائیں جو مودی سرکار کی نمائندگی کرتی ہو۔

انھوں نے کہا کہ مودی سرکار پاکستان کیخلاف سازش اورکردار کشی کرتی ہے ان کا جواب پیپلزپارٹی ہے، مودی کو جواب پاکستان پیپلزپارٹی کے تھر کے جیالے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ ہماری انتخابی مہم الیکشن شیڈول نہ آنے پر ابھی شروع بھی نہیں ہوئی۔ آج کے جلسے میں آپ کی موجودگی نے تھرپارکر کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ 8 فروری انتخاب کا دن ہوگا اور اس دن بھی تھرپارکر والے اسی میدان میں اسی جوش سے نکلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ 2024 کے الیکشن میں تھرپارکر پیپلزپارٹی کا منشور اور بیانیہ ہے۔ پی پی حکومت سے پہلے اس ریگستان میں نہ سڑکیں تھیں نہ ایئرپورٹ۔ پی پی حکومت سے پہلے اس ریگستان میں نہ تعلیم نہ صحت کےادارے تھے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے 90 کی دہائی میں تھرکول کا خواب دیکھا تھا، بینظیر بھٹو کے خواب پر ہم نے کام شروع کیا۔ آصف زرداری اور پیپلز پارٹی نے اس خواب کو پورا کیا،

انھوں نے کہا کہ تھرپارکر کےعوام کو صرف بلاک ٹو سے 20 ہزار روزگار کے مواقع فراہم کیے، تھرکول بلاک ون میں بھی کام شروع ہوا ہے اس میں بھی روزگارکے مواقع ملیں گے۔ تھرپارکر کی ترقی کیلئے ہمارا کام جاری رہے گا

بلاول نے کہا کہ تھرپارکر کی کارکردگی کی بنیاد پر ملک بھر میں الیکشن لڑنے کو تیارہوں مگر بہت کام ہونا باقی ہے۔ ہم سب مل کر محنت کرینگے تو بینظیربھٹو کا نامکمل مشن ہم مل کرمکمل کرینگے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے پیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے جس کا میں ذکر کروں۔ میں قائدعوام کا نواسا اور بینظیر بھٹو کا بیٹاہوں۔ میرا مخالف غربت، بےروزگاری اور مہنگائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو حق صرف پیپلزپارٹی دلا سکتی ہے۔ ہم تین نسلوں سے غربت کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہم نے کسان، ہاری اور غریب کو طاقت ور بنا دیا۔ انجینئرز سے لیکر تھرکول میں ٹرک چلانےوالی بھی ہماری بہنیں ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کل کے معاشی مسائل، معاشی بحران کا حل میں اور آپ ہی نکال سکتے ہیں۔ ہمارے منشور اور نظریے میں اس مسئلے کا حل موجود ہے۔ ہم نے پسماندہ ، کمزور طبقات اور غریبوں کا خیال رکھنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اس وقت چلتی ہے جب عورتوں اور بچوں کو روزگار ملے۔ لوگوں کی تنخواہیں دگنی کریں گے اور مہنگائی کا مقابلہ کریں گے۔ لوگوں کو بی آئی ایس پی سے مالی مدد مل رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہاری کارڈ دیں گے اور کسانوں کو مدد پہنچائیں گے۔ پیپلزپارٹی مزدورکارڈ سے براہ راست فائدہ پہنچائےگی۔ عوام کے لیے پیپلزپارٹی کو انقلابی کام کرناہونگے،بلاول بھٹو

انھوں نے کہا کہ دوسری طرف ہمارے دوست ہیں وہ بھی الیکشن لڑ رہے ہیں یہ ان کا حق ہے۔ ہمارے دوست تحریک انصاف کی نقل کر کے الیکشن لڑیں گے تو 8 فروری کو بھرپور جواب دیں گے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ اس بار آصف زرداری کی محنت سے جیالہ بھی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن سکتا ہے۔ عوام انشااللہ اس بار تقسیم کی سیاست رد کرکے تیر کو جتوائیں گے۔ عوام اس بار عوامی راج قائم کرائیں گے اور ہم ملکر حکومت کرینگے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں