اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

مسلمان بچے کو ساتھیوں سے تھپڑ لگوانے پر بالی وڈ اداکارہ کا شدید ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوارا بھاسکر نے ہندو کلاس ٹیچر کی جانب سے مسلمان بچے کو ساتھیوں سے تھپڑ لگوانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سابقہ ٹوئٹر اور موجودہ ایکس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوارا نے کہا کہ یہ انسانیت سوز واقعہ بھارتی باشندوں کی منافقت کو ظاہر کرتا ہے، بالی وڈ اداکارہ کے مطابق ’’جن بھارتیوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو ووٹ دیا وہ اس معاملے میں نیوٹرل رہنے کی کوشش کریں گے، ایک دہائی سے یہ لوگ نفرت اور تعصب کے خلاف اپنی آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔‘‘

اس پوسٹ کے ساتھ سوارا بھاسکر نے ایک ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا جس میں تشدد کے لیے اکسانے والی خاتون ٹیچر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مظفر نگر کی پولیس کو بھی اداکارہ نے کھری کھری سنائیں اور انھیں غیرت دلانے کے لیے ہندی زبان میں بھی ٹوئٹ کی جس میں انھوں نے پولیس پر زود دیا کہ ٹیچر کو بچانے کے لیے بچے کے والد سے زبردستی کوئی بیان نہ لیا جائے۔

سوارا نے کہا کہ ’’ویڈیو اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیچر نے یہ جرم کیا ہے، مظفر نگر پولیس، آپ اپنا کام کریں۔‘‘

واضح رہے کہ بھارت سے گزشتہ دنوں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں ریاست اتر پردیش کے ایک اسکول میں ترپتا تیاگی نامی ٹیچر بچوں سے 7 سالہ مسلمان طالب علم محمد التمش کو تھپڑ رسید کرنے کا کہتی نظر آرہی ہے۔

ویڈیو میں ٹیچر کہتی ہے کہ ’میں نے کہہ دیا جتنے مسلمان بچے ہیں وہ یہاں سے چلے جائیں‘، ہندو اسکول ٹیچر نے بچوں کو ترغیب دیتے ہوئے مسلمان طالبعلم کو مزید زور سے مارنے کا کہا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو پولیس کو موصول ہوچکی ہے، بھارتی پولیس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ مذکورہ خاتون ٹیچر نے تعصبانہ جملے بھی ادا کیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں