تازہ ترین

سندھ کا نگراں وزیراعلیٰ کون ہوگا ؟

کراچی : صوبہ سندھ کی وزارت اعلیٰ کا عہدہ کسے تفویض کیا جائے؟ اس حوالے سے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے رہنما امیدواروں کے ناموں پر اتفاق کیلئے سر جوڑ کربیٹھ گئے, ناموں کی فہرست اے آر وائی نیوز کو مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق 9اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد صوبوں میں نگراں حکومتوں کے قیام کیلئے مشاورت کا سلسلہ زور وشور سے جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کیلیے اپوزیشن جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے کے درمیان ناموں پر مشاورت کی جارہی ہے۔

اے آر وائی نیوز جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کی جانب سے غور ہونے والے نام سامنے لے آیا، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے شعیب صدیقی اور یونس ڈھاگا کے ناموں پر غور کیا گیا جبکہ جی ڈی اے کی جانب سے ایم کیو ایم کو 7 ناموں کی فہرست فراہم کی گئی۔

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے ڈاکٹر صفدر عباسی ، غلام مرتضیٰ جتوئی، فضل اللہ قریشی اور رحمت جعفری کے نام ایم کیو ایم کو دیے گئے، فضل اللہ قریشی سابق بیوروکریٹ اور رحمت جعفری سابق جج ہیں

شعیب صدیقی سابق کمشنر کراچی اور مختلف اداروں میں سیکریٹری کے عہدے پر ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں جبکہ یونس ڈھاگا بھی معروف صنعت کار اور وفاقی سیکریٹری کے عہدے پر ذمے داریاں سر انجام دے چکے ہیں۔

ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی جانب سے بنائی گئی مشاورتی کمیٹی کی دونوں طرف سے دیے گئے ناموں پر پارٹی قیادت سے مشاورت کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر رعنا انصار جلد تین ناموں کو شارٹ لسٹ کرکے وزیراعلیٰ سندھ سے مذاکرات شروع کریں گی۔

Comments

- Advertisement -