تازہ ترین

سیلاب زدگان کے لیے 20 لاکھ گھر بنانے کا عزم ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ نے تقریباً 2 ارب ڈالر کے پراجیکٹ منظور کروائے ہیں، ہم نے عزم کیا ہے سیلاب زدگان کے لیے تقریباً 20 لاکھ گھر بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ملیرایکسپریس وے سٹی اسکول چیپٹر کے مقام پر کام کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر سے ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

انہوں نے دیہہ ڈرگ سے تجاوزات ختم کروا کر کام تیز کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر اعلیٰ نے گلستان جوہر فلائی اوور کا دورہ بھی کیا، وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جوہر فلائی اوور 18 ماہ میں دسمبر 2023 تک مکمل ہوگی، انڈر پاس کی لمبائی 11 سو میٹر اور چوڑائی 18.5 میٹر ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیلاب کے دوران بھی کام کیا اب بھی کر رہے ہیں، سندھ نے تقریباً 2 ارب ڈالر کے پراجیکٹ منظور کروائے ہیں، ہم نے عزم کیا ہے تقریباً 20 لاکھ گھر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک سے 120 ارب روپے کا قرضہ منظور ہو چکا ہے، سندھ کے بجٹ سے تقریباً 60 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ جوہر چورنگی فلائی اوور پر 23 مارچ تک کام مکمل ہوجائے گا، کوشش ہوگی 14 اگست 2023 تک انڈر پاس جوہر چورنگی مکمل کریں، ہاکس بے والا روڈ بھی تیار ہے۔

Comments

- Advertisement -