تازہ ترین

کور کمانڈر لاہور کی وردی چوری کرنے والا شرپسند پکڑا گیا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد مشتعل مظاہرین کی جانب سے نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔

لاہور پولیس کے ذرائع کا بتانا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، حملے کے دوران کور کمانڈر لاہور کی وردی چوری کرنے والا شرپسند پکڑا گیا۔

ذرائع پولیس کے مطابق شرپسند نے حملے کے دوران کور کمانڈر کی وردی چوری کر کے پہن لی تھی، ملزم کو مزید تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

جمعرات کے روز کینٹ کے علاقے میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے پی ٹی آئی کے 50 کارکنان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

عدالت نے تمام ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی تھی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ کینٹ میں مقدمہ درج ہے اور ان پر جلاؤ گھیراؤ اور کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کا الزام ہے۔

بدھ کے روز پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق کا کارکنوں کے نام بھیجا گیا مبینہ آڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں کور کمانڈر ہاؤس کو نذر آتش کرنے کی بات کی جا رہی تھی۔

مبینہ آڈیو میں پی ٹی آئی رہنما عباد فاروق کہہ رہے تھے کہ آج امتحان کا وقت ہے، میں یاسمین راشد صاحبہ کے ساتھ کور کمانڈر ہاؤس پہنچ چکا ہوں۔

ٹکٹ ہولڈر کا کہنا تھا کہ اعجاز چوہدری اور محمود الرشید صاحب بھی ہمارے ساتھ ہیں، آج خان صاحب (عمران خان) کا امتحان ختم اور ہمارا شروع ہوا ہے۔

آڈیو میں وہ کارکنوں سے کہہ رہے تھے کہ یاسمین راشد کی کلیئر ہدایت ہیں کہ کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگائیں گے، اعجاز چوہدری صاحب نے بھی وعدہ کیا ہے کہ ہم رکیں گے نہیں۔

انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ تمام پی ٹی آئی کے ٹائیگرز کور کمانڈر کے گھر فوری طور پر پہنچیں۔

Comments

- Advertisement -