ڈپٹی کمشنر لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کو کل شہر میں الیکشن مہم کے سلسلے میں ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈپٹی کشمنر لاہور رافعہ حیدر نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں سے رابطہ کیا اور اجازت دینے سے معذرت کرلی۔ ڈی دی نے بتایا کہ پی ایس ایل میچ کی وجہ سے کل ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی نہ کی تو دفعہ 144 کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
ادھر پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے اس کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی سی نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، ریلی کی تیاریاں جاری ہیں اور پروگرام کے مطابق نکلے گی۔
حماد اظہر نے بتایا کہ ریلی زمان پارک سے اقبال روڈ، ریلوے اسٹیشن، برانڈرتھ روڈ، سرکلر روڈ، شاہ عالم چوک، لوہاری گیٹ چوک، اردو بازار، بھاٹی گیٹ چوک جائے گی جبکہ اس کا اختتام داتا دربار پر ہوگا۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ کل دوپہر 2 بجے کارکنوں کے ہمراہ الیکشن مہم کے سلسلے میں زمان پارک سے ریلی نکالیں گے جس کی قیادت وہ خود کریں گے۔