تازہ ترین

پی ٹی آئی کارکن جاں بحق : پنجاب حکومت کی وضاحت سامنے آگئی

لاہور میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران پی ٹی آئی کے کارکن کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی ترجمان پنجاب حکومت نے وضاحت کردی، ان کا کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش کو پرائیویٹ کار اسپتال چھوڑ کر گئی۔

اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کی مکمل، غیرجانبدار اورحقائق و شواہد پر مبنی انکوائری کا حکم جاری کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ کارکن کی ہلاکت میں جو بھی ملوث پایا جائے اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دکھائی گئی ویڈیو آج کی نہیں بلکہ جیل بھرو تحریک کی پرانی ویڈیو ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ دانستہ جھوٹ پھیلایا جارہا ہے کہ یہ شخص پولیس حراست میں تھا، فوٹیج سے انکشاف ہوا کہ جاں بحق شخص کو پرائیویٹ گاڑی سروسز اسپتال چھوڑ کرگئی، سیف سٹی کیمروں سے گاڑی ،سواروں کی تلاش جاری ہے تاکہ سچائی سامنے آسکے۔ پوسٹ مارٹم، سیف سٹی رپورٹ کے بعد درست حقائق کا تعین ممکن ہوگا۔

مزید پڑھیں : پولیس کی شیلنگ اور تشدد، پی ٹی آئی کارکن جاں بحق

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی عدلیہ بچاؤ پاکستان بچاؤ ریلی پر پولیس کی مبینہ شیلنگ اور تشدد سے ایک کارکن علی بلال جاں بحق ہوگیا۔ یہ بات رہنما پی ٹی آئی اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی

انہوں نے بتایا کہ علی بلال کو آنسو گیس کا شیل لگا جبکہ پولیس نے اس پربدترین تشدد بھی کیا، پولیس کی شیلنگ سے متعدد کارکنان شدید زخمی بھی ہوچکے ہیں۔

Comments

- Advertisement -