تازہ ترین

دبئی خلا میں پنجے گاڑنے کے لیے تیار

دبئی: دبئی اپنا دوسرا نینو سیٹلائٹ رواں ماہ خلا میں بھیجے گا، 6 U نینو سیٹلائٹ دبئی الیکٹرسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (دیوا) کے اسپیس ڈی پروگرام کا حصہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق دیوا نے رواں ماہ اپریل میں ریموٹ سینسنگ ایپلی کیشنز کے لیے اپنا دوسرا نینو سیٹلائٹ لانچ کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

دیوا کا سیٹلائٹ 2 امریکی ریاست کیلیفورنیا کے وینڈنبرگ ایئر فورس بیس سے اسپیس ایکس کے راکٹ فالکن 9 کے ذریعے لانچ کیا جائے گا، اس سیٹلائٹ کو دیوا کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر میں لتھوانیا کے نینو ایویونکس کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔

اس نئے سیٹلائٹ میں ارضیاتی مشاہدے کے لیے استعمال کیا جانے والا ایک ہائی ریزولوشن کیمرہ (4.7 میٹر) موجود ہے، جو تقریباً 500 کلو میٹر کے مدار سے 7 اسپیکٹرل بینڈ میں مسلسل لائن اسکین امیجنگ فراہم کر سکتا ہے۔

نیا سیٹلائٹ گرین ہاؤس گیسز کی پیمائش کے لیے انفراریڈ آلات سے بھی لیس ہے۔

سیٹلائٹ 2 امیجز اور سیٹلائٹ 1 سے انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) کے پیمائش کے مشترکہ استعمال سے دیوا سمندری پانی کے درجہ حرارت، سمندری پانی کی نمکیات کا درست تخمینہ فراہم کر کے بجلی پیدا کرنے اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنائے گا۔

یاد رہے کہ دیوا نے جنوری 2022 میں دیوا سیٹلائٹ 1 خلا میں بھیجا تھا جس میں ایل او آر اے انٹرنیٹ آف تھنگز کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -