تازہ ترین

’لگتا نہیں کہ پاکستان ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلے گا‘

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے جنرل منیجر وسیم خان کا کہنا ہے کہ ایسا نہیں لگتا کہ پاکستان ورلڈ کپ کے اپنے میچز بھارت میں کھیلے گا۔

ایشیا کپ کے لیے بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے جبکہ پاکستان بھی ورلڈ کپ میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے۔

 وسیم خان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان ورلڈ کپ کے میچز بھارت کھیلے گا، پاکستان اپنے میچز یو اے ای میں بھی کھیل سکتا ہے یا ہوسکتا ہے کہ کوئی دوسرا نیوٹرل وینیو ہو۔

وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کے ورلڈ کپ کے میچز کے لیے بنگلہ دیش بھی نیوٹرل وینیو کے طور پر ہوسکتا ہے کیونکہ یہ بھارت کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے میچز کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آرہی ہے اس کے میچز یو اے ای میں ہونے کا امکان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وسیم خان نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنایا ہے تو انہیں سپورٹ بھی کرنا ہوگا، وہ قیادت کے گُر ابھی سیکھ رہے ہیں۔

وسیم خان نے ٹی 20 سیریز میں افغان ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ افغانستان کی ٹیم پاکستان سے پہلے کافی قریب آکر میچز ہاری اس مرتبہ نتیجہ مختلف تھا وہ جیت کے مستحق تھے۔

Comments

- Advertisement -