تازہ ترین

سیمی جمالی کی طبیعت بہتر ہے، انتقال کی خبر درست نہیں، ڈاکٹر اے آر جمالی

کراچی: جناح اسپتال کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے شوہر نے اہلیہ کے انتقال کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر اے آر جمالی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کی طبیعت کل سے بہتر ہے، میڈیا پر انتقال کے حوالے سے چلنے والی خبر درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو روز قبل طبیعت بگڑنے پر سیمی جمالی وک اسپتال لائے تھے، اس وقت وہ پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

ڈاکٹر اے آر جمالی نے کہا کہ سیمی جمالی کی طبیعت پرسوں سے کافی بہتر ہے وہ پرسوں خود چل کر اسپتال آئی تھیں۔

انہوں نے قوم سے ڈاکٹر سیمی جمالی کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔

سال 2021 میں ڈاکٹر سیمی جمالی کو بطور جناح اسپتال کی ڈائریکٹر کورونا وبا کے دوران اپنی فرائض منصبی بہترین انداز میں سنبھالنے پر ’گلوبل ہیروز قرار‘ دے دیا گیا تھا۔

امریکی جریدے این پی آر نے کورونا وبا کے ایک سال مکمل ہونے پر عالمی وبا سے نبرد آزما شخصیات کی فہرست جاری کی تھی۔ پاکستان کیلیے بڑا اعزاز یہ تھا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

جریدے نے ان کی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا اور لکھا تھا کہ جان لیوا مرض کا شکار ہونے کے باوجود وہ کووڈ 19 کے دوران اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتی رہیں۔

Comments

- Advertisement -