تازہ ترین

امریکیوں کے لیے ناشتہ کرنا مشکل ہو گیا، مگر کیوں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

نیویارک: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ امریکا میں بیف یعنی گائے کے گوشت سے انڈے زیادہ مہنگے ہو گئے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ ایک درجن انڈوں کی قیمت ایک پاؤنڈ گوشت کی قیمت سے زیادہ ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے امریکیوں کے لیے ناشتہ کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

عالمی سطح پر برڈ فلو کی وبا کے نتیجے میں 10 کروڑ مرغیاں ہلاک ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف ممالک میں انڈوں کی قیمت بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

امریکا میں 1980 میں بیورو آف لیبر ڈیٹا کے آغاز کے بعد سے یہ پہلی بار ہے کہ 12 انڈوں کی قیمت ایک پاؤنڈ گائے کے گوشت کی قیمت سے زیادہ ہو گئی ہے۔

امریکا میں زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے جنوری میں بڑے گریڈ A انڈوں کے ایک درجن کی قیمت ریکارڈ 4.82 ڈالر (1278 پاکستانی روپے) تک پہنچ گئی ہے، جو کہ ایک سال پہلے 2 ڈالر سے بھی کم تھی۔

دوسری طرف امریکا میں ایک پاؤنڈ بیف کی قیمت 4.64 ڈالر ہے جو گزشتہ برس 5.12 ڈالر تھی۔

خیال رہے کہ امریکا میں ناشتے کے لیے انڈوں کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے مگر اس کی قیمت میں ریکارڈ اضافے نے لوگوں کے لیے دن کی سب سے اہم غذا کا حصول مشکل بنا دیا ہے، اورنج جوس کی قیمتوں میں بھی اضافے کی وجہ سے امریکی عوام کے ناشتے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

پچھلے ایک سال کے دوران انڈوں کی قیمت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اب امریکی انھیں میکسیکو کی سرحد کے پار اسمگل کرنے کا سہارا لے رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -