اشتہار

حلقہ بندیاں ہوئیں تو فروری یا مارچ میں الیکشن ہوں گے، رانا ثنا اللہ

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر حلقہ بندیاں ہوئیں تو فروری یا مارچ کے پہلے ہفتے میں الیکشن ہوں گے، آئینی تقاضا ہے کہ حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیاں ہوئیں تو فروری کے تیسرے ہفتے یا مارچ کے پہلے ہفتے میں الیکشن ہوں گے، میری رائے کے مطابق آئینی تقاضا ہے کہ حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں، دسمبرتک حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری کے وقت کوئی مزاحمت نہیں کی، چیئرمین پی ٹی آئی کو زدوکوب نہیں کیا گیا، جیل میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسے کمرے نہیں ہوتے۔

- Advertisement -

راناثنا نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا مؤقف رہا ہے کہ سب کو ایک طرح کی جیل میں رکھنا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے کہ گھروں سے کھانا منگوانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، جیلوں میں اوپن واش رومزہی ہوتے ہیں، جن جیلوں اورسیلوں میں ہم رہے ہیں وہ بھی ایسے ہی تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت یا جیل سپرنٹنڈنٹ کو درخواست دیں، عدالت جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا، یہ سلسلہ رکنا تو چاہیے، ہم یہ بات کرتے رہے ہیں، اگر کسی نے کسی کے ساتھ برا کیا ہو، اس کے ساتھ برا ہو جائے تو اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو حوصلہ رکھناچاہیے، جیلوں کا ماحول ایسا ہی ہے، یہ درست نہیں ہے کہ جج صاحب نے فیصلے میں جلدی کی ہے،

انھوں نے کہا کہ ان کو دفاع میں شہادتیں پیش کرنے کا کئی بار موقع دیا گیا، 3 سال ان کی قید ہے،عمرقید یا سزائے موت کی سزا نہیں ہے، ان کی ہفتے 10 روز میں ضمانت ہو جائے گی، کیس، سزا اور نااہلی برقرار رہےگی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے جنرل الیکشن کے نتائج کو اخذ نہیں کرسکتے، ایک شخص نے سیاست میں ایک دوسرے کی بےعزتی کرنے کا کلچر متعارف کرایا۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ایک فتنہ ہے، ملک کی سیاست کا ناسور ہے، چیئرمین پی ٹی آئی قوم کو حادثے سے دوچار کرنا چاہتا تھا، اس نے خود کو حادثے سے دوچار کر لیا، اس کو لگتا ہے کہ باہر پیغامات بھیج کر ہمیں ڈرا لے گا تو اس کی بھول ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں