تازہ ترین

ماحولیاتی آلودگی کی حوصلہ شکنی کے لئے انوائر منٹل پروٹیکشن ٹریبونل نے بڑا فیصلہ

اسلام آباد : انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے ٹائرپائرولیسس پلانٹ پر جرمانہ عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کی حوصلہ شکنی کے لئے انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبونل نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والےٹائرپائرولیسس پلانٹ پر جرمانہ عائد کردیا۔

ٹریبونل نے سنگجانی کے نجی پلانٹ پر 1 کروڑ 86 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور پلانٹ کے مالک کو 15دن میں جرمانےکی رقم قومی خزانےمیں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبونل نے جرمانہ ادانہ کرنے پرزمین فروخت کرکےرقم وصولی کا حکم دیتے ہوے فیصلے میں کہا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے ٹریبیونل میں شکایت درج کرائی،پلانٹ لگانے سے پہلے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سے اجازت نہیں لی گئی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ایجنسی اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی روکنے کا حکم دیا، ای پی اے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا،ممبر انسپکشن اسلام آباد ہائیکورٹ، ای پی اے ،اسسٹنٹ کمشنر نے رپورٹس جمع کرائیں۔

فیصلے کے مطابق ٹریبونل کے حکم پر اسسٹنٹ کمشنر صدر نے 6 اکتوبر 2022 کو پلانٹ سیل کیا، پلانٹ دوبارہ فعال ہونے کی عوامی شکایات پر 20 اکتوبر کو دوبارہ سیل کیا گیا، پلانٹ کے مالک اور ملازمین کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کیا گیا اور پلانٹ کے مالک نے واضح طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ کےاحکامات کی خلاف ورزی کی۔

پلانٹ مالک خود یا وکیل کے ذریعے ٹریبونل کی کسی سماعت میں شریک نہیں ہوئے، پیروی نہ کرنا قانون اور عدالتی احکامات کو خاطر میں نہ لانے کا واضح ثبوت ہے، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر قانون کے مطابق 10لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، خلاف ورزی جاری رکھنے پر 20 ہزار روپے روزانہ کی بنیاد پرمزید جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

Comments

- Advertisement -