تازہ ترین

نگراں وزیر خزانہ کون ہونا چاہیے؟ فیصل واوڈا نے نام دے دیا

سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے نگراں حکومت میں وزیر خزانہ کے حوالے سے کہا ہے کہ میری تجویز ہے کہ سلطان الانہ کو نگراں وزیرخزانہ بنانا چاہیے۔

نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری تجویز ہے کہ حبیب بینک کے چیئرمین سلطان الانہ غیر متنازع شخصیت ہیں انہیں نگراں وزیرخزانہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سلطان الانہ ہی وہ شخص ہیں جو پاکستان کو معاشی استحکام کی طرف لے کر جاسکتے ہیں، آج سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا ہے اور یہ بہترین آپشن ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ میں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے بھی کہا تھا اور آج بھی کہتا ہوں کہ وہ بند گلی میں جا چکے ہیں، اورچابی کنویں میں چلی گئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو شکر ادا کرنا چاہیے کہ ان کے ساتھ جو سانپ تھے وہ سب چلے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی اندازہ ہورہا ہوگا کہ میں ان کو اس تباہی سے روک رہا تھا، میں چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن کاحصہ نہیں دیکھ رہا۔

فیصل واوڈا نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سمجھایا بھی تھا کہ فوج جو قربانیاں دے رہی ہے وہ شہداء ان کی ریڈ لائن ہیں، ان کی ریڈ لائن کراس نہ کریں، دوسرے سیاستدانوں کی طرح اداروں کے خلاف بغض کو آگے نہ بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا تھا فوج ہی نے ملک کو بچایا ہوا ہے اور جمہوریت چل رہی ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں بیرون ملک سے پیسہ لاکر کون دیتا تھا؟ جواب ہے پاک فوج اور آج جو یہ منرل، ریکوڈک میں تعریفیں کررہے ہیں یہ پورا کام پاک فوج نے کیا، پاک فوج سے ملک و قوم کیلئے کام لیتے ہیں پھر اسی فوج کو آنکھیں دکھاتے ہیں۔،

سابق سینیٹر نے کہا کہ ہم سارے سیاستدان بے رحم ہیں، سینہ ٹھوک کر کہتے ہیں ہمیں ووٹ دو،
ہم جائیں گے تو ہماری اولاد لائق ہے یا نالائق ہیں پھر وہ اقتدار میں آتے ہیں، پہلے یہ خود حکمرانی کرتے ہیں پھر کہتے ہیں ہماری اولادوں کو بھی حکمراں بناؤ۔۔

ساری پارٹیوں کا ماضی نہ بھولیں، قوم کو ایکسپائر لیڈرز کو مسترد کرنا چاہیے، آج کیوں غریب رکشہ اور ٹیکسی والا سیاست نہیں کرسکتا۔

Comments

- Advertisement -