تازہ ترین

کراچی : جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے دو مسافر رنگے ہاتھوں گرفتار

کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو مسافروں کو آف لوڈٖ کردیا۔ ایک افغانی باشندہ جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کررہا تھا۔

اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پہلی کارروائی میں ملزم کو جعلی سفری دستاویزات پر دبئی جانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑ کر آف لوڈ کیا گیا، دوران چیکنگ مسافر کے سفری دستاویزات مشتبہ پائے گئے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نازو اللہ کے پاکستانی پاسپورٹ پر ورک ویزا لگا ہوا تھا، مسافر بین الاقوامی پرواز نمبر ایف زیڈ 334 سے دبئی جا رہا تھا۔

تحقیقات کے دوران ملزم کے پاسپورٹ پر پروٹیکٹر کی اسٹیمپ جعلی نکلی، ریکارڈ کی تصدیق کے بعد انکشاف ہوا کہ ملزم کے پاسپورٹ پر لگایا جانے والا پروٹیکٹر رجسٹریشن نمبر ناظم الدین نامی شہری کو جاری ہوا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 11 ہزار روپے کے عوض ایجنٹ سے پروٹیکٹر لگوائی تھی۔ بعد ازاں مزید کارروائی کیلئے ملزم کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری کامیاب کارروائی 

ایف آئی اے نے دوسری کارروائی میں پاکستانی پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے افغان مسافرآف لوڈ کردیا، ترجمان کے مطابق گل محمد نامی افغان مسافر سعودی عرب جارہا تھا۔

ملزم نے جعل سازی کرتے ہوئے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا، دوران تحقیقات ملزم اپنی جائے پیدائش اور خاندانی افراد سے متعلق معلومات سے مکمل طور پر لاعلم نکلا۔

اس کے علاوہ ملزم اپنے رہائشی پتے سے متعلق سوال پر بھی امیگریشن حکام کو مطمئن نہ کرسکا، دوران تلاشی ملزم کے موبائل سے افغان شناختی کارڈ، تذکرہ کی تصاویر برآمد ہوگئیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے افغانستان کے مختلف علاقوں کی تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزم نے غلط بیانی سے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کیا، ملزم قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں