تازہ ترین

معاشی تباہی کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں، فضل الرحمان

ساہیوال : جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ملک کو مشکل میں کس نے ڈالا؟ معیشت کی تباہی کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔

ساہیوال میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے مقدمات عدالتوں میں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی لحاظ سے دلدل میں گرایا ہے۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے ملک کو اس مشکل میں کس نے ڈالا؟ نگران حکومت میں بھی سب لوگ یہی کوشش کررہے ہیں کہ صورتحال میں بہتری ہو۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا آئینی اختیار ہے۔ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخر میں انتخابات کا کہا ہے، ہم ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں۔

مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ سوال پیدا ہی نہیں ہوتا کہ دھاندلی کی پیداوار دوبارہ اقتدار میں آئے، ہم نے تین سال الیکشن کے لیے تحریک چلائی ہے، ہم اپنے نظریاتی ہدف پر قائم ہیں،

انہوں نے کہا کہ ہماری نظر میں چیئرمین پی ٹی آئی پہلے ہی نااہل ہیں اب عدالتیں بھی انہین نااہل قرار دے دیں تو تصدیقی مہر لگ جائیگی، میرے خیال میں ملک میں ہماری حکومت بنے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سربراہ کے یو آئی ف نے کہا کہ نواز شریف واپس آرہے ہیں تو اچھی بات ہے پوری قوم کو ان کا استقبال کرنا چاہیے، پاکستان میں امن اور سیاسی استحکام نہیں ہے۔

مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئینی راستے پر چلتے ہوئے ملک میں امن کے لیے کام کرنا چاہیے، ہرچیز کا تعلق معیشت سے نہیں ہوتا، میں نگراں حکومت کے فلسفے کو نہیں سمجھ سکتا۔

Comments

- Advertisement -