تازہ ترین

خام مال انتہائی مہنگا، سابق چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

سابق چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز عارف جیوا نے کہا ہے کہ خام مال کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تعمیراتی صنعت بند ہونے کے قریب ہے۔

ملک میں تعمیراتی مٹیریل کے مہنگا ہونے کے حوالے سے سابق چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز عارف جیوا نے تعمیراتی صنعت کے بڑے نقصان کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا کہ تعمیرات میں استعمال ہونے والے تمام خام مال کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں صورتحال ایسی ہوچکی ہے کہ تعمیراتی صنعت بند ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

عارف جیوا کے مطابق سریے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور فی ٹن سریہ ساڑھے تین لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پہلے فی اسکوائر فٹ سریے کی لاگت 700 روپے تھی جو تین گنا بڑھ کر 2200 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ درآمدی اسٹیل پر ڈیوٹی اور ٹیکسز بہت زیادہ ہیں جس کے باعث پاکستان میں فی ٹن سریا 1100 ڈالر کی قیمت پر جا پہنچا ہے جب کہ پڑوسی ممالک ایران میں یہی سریا 500 اور چین میں 625 ڈالر فی ٹن میں دستیاب ہے۔ یو اے ای میں بھی ایک ٹن سریے کی قیمت 700 ڈالر ہے۔

بلڈر رہنما نے کہا کہ اس وقت حالات یہ ہوچکے ہیں کہ اب عام آدمی کے لیے اپنے گھر کا خواب بھی پورا کرنا ناممکن ہوچکا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ سریے پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرے تاکہ سریے کی قیمت کم ہوسکے۔

عارف جیوا نے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل ہے کہ اس وقت ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو فوکس کیا جائے۔

Comments

- Advertisement -