تازہ ترین

بدترین معاشی صورتحال میں اچھی خبر ، پاکستان میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت

اسلام آباد : ملک میں قدرتی گیس کا ذخیرہ دریافت ہوگیا، جس سے یومیہ پانچ اعشاریہ ایک کیوبک فٹ گیس مل سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی میں واقع ماڑی غازیج-1 میںگیس کے نئے ذخائر دریافت کرلیے گئے ،جس میں گیس کےبہاؤ کی شرح پانچ اعشاریہ ایک ملین کیوبک فٹ ہے۔

ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے اعلامیہ کے مطابق صوبہ سندھ میں واقع ماڑی ڈی بلاک میں غازیج- 1سے گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، ماڑی پیٹرولیم سو فیصد حقوق کے ساتھ ماڑی ڈیو لپمنٹ اور پروڈکشن لیز کا آپریٹر ہے۔

ماڑی غازیج- 1 ویل کی کھدائی کا عمل 24 نومبر 2022 کوشروع کیا گیا اور اسے ایک ہزار ایک سو پندرہ میٹر کی گہرائی تک کامیابی سے ڈرل کیا گیا، ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے ذریعے گیس کا بہاؤ 5.1ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کیا گیا۔

یہ کنواں غازیج لائم سٹون فارمیشن کے علاقے میں تیل و گیس کی تلاش کے حوالے سے خصوصی انفرادیت کا حامل ہے۔

ماڑی پیٹرولیم کے ایم ڈی/سی ای او فہیم حیدر نے اس دریافت کو کمپنی کے جیو سائنسدانوں کے مرہونِ منت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اب جلد اس دریافت کے حجم اور ساتھ ہی ترقیاتی اخراجات کا جائزہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماڑی پیٹرولیم موجودہ گیس کے کنوؤں سے پیداوار بڑھا کر اور نئے ذخائر کی دریافت سے ملک میں گیس کی کم ہوتی مقدار کو بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

گیس کے ذخائر کی نئی دریافت سے ملک کے ہائیڈرو کاربن ذخائر میں اضافہ ہوگا اور مقامی وسائل سے ملکی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مددملے گی۔

Comments

- Advertisement -