اشتہار

اپنے 3 بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی کوشش کرنے والی ملزمہ کا ذہنی طبی معائنہ کرانے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے 3 بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی کوشش کرنے والی ملزمہ کا ذہنی طبی معائنہ کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

جس میں کہا کہ فیصلے کی کاپی چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد، سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اور ای ڈی پمز کو بھجوائی جائے۔

- Advertisement -

حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار زیبہ گُل پر اپنی دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کو قتل کر کے خود کشی کرنے کی کوشش کرنے کے جرم میں فرد جرم عائد کی گئی،یکم دسمبر 2022 کی چارج شیٹ میں واضح طور پر لکھا ہوا تھا کہ زیبہ گل ذہنی طور پر بیمار ہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے 465 کے تحت انکوائری کے بغیر ہی زیبہ گل کو 302 بی کے تحت 3 بار عمر قید کی سزا سنا دی، رائل کورٹ نے زیبہ گل کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 311 کے تحت 14 سال قید کی سزا بھی سنائی۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ چیف کمشنر اسلام آباد سپریم کورٹ کے صوفیہ بانو کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ سے درخواست گزار کا ذہنی طبی معائنہ کرائیں۔

فیصلے کے مطابق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے تاکہ اس بات کا تعین ہو سکے کہ آیا ملزمہ ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنا دفاع پیش کرنے کیلئے ذہنی طور پر قابل تھی یا نہیں، حکم نامہ

عدالت نے مزید کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے صوفیہ بانو کیس کے فیصلے کے تحت میڈیکل بورڈ نہیں بنایا جاتا تو ای ڈی پمز میڈیکل بورڈ بنائیں،اگر ایسا ہوتا ہے تو چیف کمشنر اسلام آباد وضاحت دیں گے کہ سپریم کورٹ کے صوفیہ بانو کے پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا۔

ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کرائی جائے،آئی جی اسلام آباد اور سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل میڈیکل بورڈ کی معاملے میں معاونت کرنے کے پابند ہوں گے اور ملزمہ کے میڈیکل بورڈ سے ذہنی طبی معائنے کی ذمہ داری چیف کمشنر اسلام آباد کی ہوگی۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں