تازہ ترین

توہین عدالت کیس: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی غیرمشروط معافی کی استدعا مسترد

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی غیرمشروط معافی کی استدعا مسترد کردی اور عرفان نواز میمن کو دوسرے شوکاز کا پیر تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہریارآفریدی،شاندانہ گلزارکی غیرقانونی گرفتاریوں پرتوہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر عرفان نوازمیمن عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سےغیرمشروط معافی مانگ لی، عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی غیرمشروط معافی کی استدعا مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو دوسرے شوکاز کا پیر تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا اور کہا ڈپٹی کمشنراور ایس ایس پی آپریشنز کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ یکم مارچ کوسنایا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کوبیرون ملک جانے سے روک دیا اور جسٹس بابر ستار نے کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنےکی استدعا بھی مسترد کردی۔

جسٹس بابرستار نے کہا آپ کی مرضی سے بینچ نہیں بنیں گے آئندہ ہفتے کیس کا فیصلہ سناؤں گا، آپ نے نو سو ستر دنوں کی نظر بندی کے انہتر ایم پی او آرڈرزجاری کیے، کیا ان کی فیملیز نہیں، انہوں نے عمرے پرنہیں جانا، یہ آپ کا احمقانہ ایکشن تھا، آپ اس کے نتائج بھگتیں گے۔

جسٹس بابرستار کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کسی کی کال پر فیصلے کرتے ہیں تو ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

وکیل رضوان عباسی نے ڈی سی اسلام آباد پرعائد فرد جرم پڑھ کر سنائی، جس پر ڈی سی عرفان نواز میمن نے کہا عدالتی حکم عدولی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

Comments

- Advertisement -