اشتہار

‘ آپ واقعی خادم اعلیٰ ہو تو آج تیل کو واپس 150 روپے لیٹر پر لاؤ ‘

اشتہار

حیرت انگیز

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ واقعی خادم اعلیٰ ہو تو آج ہی تیل کو واپس 150 روپے لیٹر پر لاؤ۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب ضمنی انتخابات کے سلسلے میں لیہ میں انتخابی جلسے سے خطا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ واقعی خادم اعلیٰ ہو تو آج ہی تیل کو واپس 150 روپے لیٹر پر لاؤ۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے ڈیزل اور پٹرول کے ساتھ بجلی کی قیمت بھی 5 روپے کم کی تھی، ہم نے نہ صرف قیمتیں نیچے رکھیں بلکہ ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈ بھی دیا، ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دی، نوجوانوں کو سستے قرضے دیے، سستے گھروں کی اسکیم شروع کی، ہمارا احساس پروگرام نچلے طبقے کو اٹھاتا تھا جسے دنیا نے سراہا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہم ڈھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے ہم نے تو قیمتیں نہیں بڑھائیں، دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپرجارہی تھیں، ہم نے لوگوں کو مہنگائی سے بچایا، ہم نے مہنگائی کو روک رکھا تھا اور ہمارے دور میں پاکستان سب سے سستا ملک تھا، لیکن شہباز شریف بتاؤ اب تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ہمارے دور سے بھی کم ہوگئی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ایکسپورٹس بڑھیں، ریکارڈ ترسیلات زر آئیں، ٹیکسٹائل میں ریکارڈ پروڈکشن ہوئی، زراعت کے شعبے میں ریکارڈ پیداوار ہوئی، کسانوں کی پالیسی بنائی، قانون بناکر کسانوں کو شوگر مافیا سے پوری رقم دلوائی، جب معیشت آگے بڑھ رہی تھی تو بیرونی سازش کرکے حکومت گرائی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی مہنگائی ہے تیل کی قیمتیں اوپر تھیں، ہمیں گندم اور گیس کی ضرورت تھی، جب میں روس گیا تو اس سے گیس اور گندم کی بات کی لیکن یہاں انھوں نے امریکا کیساتھ مل کر سازش کی، جب ہماری حکومت گرائی تو یاد رکھیں سب سے زیادہ ترقی ہمارے دور میں ہوئی، معاشی سروے کے مطابق گزشتہ 17 سال کے دوران پچھلے 2 سال میں سب سے زیادہ ترقی ہوئی۔

انھوں نے ہماری اوپر جاتی معیشت  کیساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہ کرے، بیرون ملک پاکستانی ترسیلات بھیجتے تھے آج وہ بھی کم ہورہی ہیں، یہ لوگ ملک کو سری لنکا کی طرف لیکر جارہےہیں، سری لنکا میں عوام نے صدارتی محل پر حملہ کردیا، سری لنکن صدر نے باہر جانے کی کوشش کی تو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا، سری لنکا کا حکمران خان بھی زرداری اور شریفوں کی طرح تھا ان بھی باہر گھر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ وزیراعظم بھکاری بنا ہوا ہے کہ مجھے پیسے دے دیں اگر نواز، شہباز اور زرداری اپنا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو کسی سے بھی مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، لیکن یہ تو وہ لوگ ہیں جو پیسے کیلیے ملکی نظریے، غیرت اور عزت کو بیچ دینگے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم چوروں کیخلاف کھڑی ہوگئی ہے، انشااللہ 17 جولائی کو ہم دیکھیں گے، یہ چور ایک طرف اورتھوڑے سے ہیں اور ساری قوم دوسری طرف ہے، چور دھاندلی سے نہیں جیت سکتے اس لیے یہ دھاندلا کرینگے، آپ نے پولنگ اسٹیشنز کا پہرہ دینا ہے، ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 دلیر نوجوانوں کو کھڑا کرنا ہے، ہماری خواتین نے پولنگ اسٹیشنز پر پہرہ دینا ہے اور ملک کا مستقبل بچانے کیلئے ہمیں ان چوروں کو کبھی نہیں جیتنے دینا کیونکہ یہ چور مسلط ہوگئے تو یاد رکھیں نوجوانوں، بہنوں، بچوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جن کے پاس طاقت ہے ان کو پیغام دینا چاہتاہوں، یہ پرامن لوگ کھڑے ہیں یہ نقصان پہنچانے نہیں ملک بچانے نکلے ہیں، صاف اور شفاف الیکشن نہ ہونے دیے تو کوئی شک نہیں ملک سری لنکا کی طرف چلا جائیگا اور اگر ملک سری لنکا کی طرف نکل گیا تو سب کے ہاتھ سے کھیل نکل جائے گی، اگر کسی کو ملک کی فکر ہے تو شفاف الیکشن کرائیں آپ کا پہلا ٹیسٹ 17 جولائی کو ہوگا، اس دن پتہ چل جائے گا کہ پاکستانی عوام کہاں کھڑی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں