اشتہار

عمران خان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے، عدالت کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو سابق وزیر اعظم عمران خان کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، سابق وزیر اعظم کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جتنے مقدمات درج ہیں ان سب میں شامل ہونا ممکن نہیں ہے، عید کے دن آپریشن کرنے کی مصدقہ اطلاعات ہیں، اس لیے عید کے پانچ دن کے لیے ریلیف چاہیے، کیوں کہ ان دنوں میں عدالت بند ہوگی، بنچ نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔

- Advertisement -

پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی کہ اگر حکومت قانونی کارروائی کرتی ہے تو اس کی اجازت ان سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے قرار دیا کہ قانون سب کے لیے ایک ہے، جب سرکاری وکیل نے کہا کہ جو کیسز ہیں، ان پر کارروائی قانون کے مطابق ہوگی تو بنچ کے سربراہ نے استفسار کیا کہ عید کا موقع ہے، کیا آپ انھیں عید گھر پر کرنے دیں گے، فاضل جج کے ریمارکس پرعدالت میں قہقہہ لگا۔

جسٹس عالیہ نیلم نے قرار دیا کہ یہ نہیں کہہ رہے کہ اگر کوئی تفتیش ہو رہی ہے تو اسے روک دیں، بلکہ اگر کوئی کیس ہے جس کا انھیں علم نہیں وہ انھیں بتا دیں، جس میں انھوں نے ضمانت نہیں لی۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ان کے کیسز کا انھیں علم ہونا چاہیے، عدالتی استفسار پر وکیل نے بتایا کہ دس کیسز کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنی ہوئی ہے۔ جسٹس امجد نے ریمارکس دیے کہ اگر ملزم کے بھاگنے کا امکان نہ ہو تو تفتیش کو معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔

سماعت کے دوران عمران خان روسٹرم پر آئے اور کہا کہ وہ تو انتخابات چاہتے ہیں، انتشار کیوں چاہیں گے، انھوں نے کہا کہ سرکاری وکیل کی باتوں سے تصدیق ہو گئی کہ ایکشن ہوگا، پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں کریں گے، اس پر جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ آپ جب یہ کہتے ہیں تو شک پڑ جاتا ہے۔

سماعت کے بعد عدالت نے عمران خان کو غیر قانونی طور پر ہراساں کیے جانے سے پولیس کو روک دیا، عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان کے ساتھ قانون کے مطابق کاررواٸی ہونی چاہیے، عدالت نے جلد سماعت کی عمران خان کی استدعا مسترد کر دی، اور کیس کی سماعت 2 مٸی تک ملتوی کر دی۔

Comments

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں