تازہ ترین

لگن ہو تو ایسی! زخمی طالبہ نے ایمبولینس میں بورڈ کا امتحان دیا

پڑھنے کی لگن ہو تو کوئی چیز رکاوٹ نہیں بنتی یہ بات ثابت کی ایک طالبہ نے جس نے زخمی ہونے پر ایمبولینس میں بورڈ کا امتحان دیا۔

تعلیم انسان کو شعور اور مستقبل کی منزل کے تعین کے لیے راستہ فراہم کرتی ہے۔ ہمارے اردگرد بہت سے ایسے طالبعلم بھی ہیں جو پڑھنے سے دل چراتے ہیں لیکن ایسے طالبعلموں کی بھی کمی نہیں جو کم عمری میں اپنی منزل کا تعین کرکے دل سے تعلیم کے حصول میں جُت جاتے ہیں اور پھر کوئی رکاوٹ انکے آڑے نہیں آتی۔

تعلیم شناسی اور مستقبل سنوارنے کی جستجو کی ایسی ایک مثال بھارت کے شہر ممبئی میں قائم ہوئی جہاں دسویں جماعت کے امتحانات جاری ہیں اور اسی دوران ایک طالبہ ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مبشرہ صادق دسویں جماعت کی طالبہ ہے جو جمعے کے روز سائنس کا امتحان دینے کے بعد گھر جا رہی تھں لیکن سڑک پار کرتے ہوئے اسے ایک گاڑی نے ٹکر مار دی۔

طالبہ اس حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئی، بایاں پاؤں بھی متاثر ہوا جس کی سرجری بھی ہوئی۔ ڈاکٹروں نے اس کو دو ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔

شدید زخمی ہونے کے باعث مبشرہ کمرہ امتحان میں جانے کے قابل نہیں تھی تاہم یہ زخم اور چوٹیں اس کے حصول تعلیم اور کامیابی کی لگن کے آڑے نہ آسکی۔ سال ضائع نہ ہو اس لیے مبشرہ نے اپنی اسکول ٹیچرز سے اگلا امتحان اسی حالت میں دینے کی گزارش کی۔ طالبہ کا جذبہ دیکھ کر اسکول ٹیچرز نے اس کی درخواست کو بورڈ کے سامنے رکھا جس نے یہ درخواست قبول کرلی۔

درخواست قبول ہونے پر مبشرہ امتحان دینے ایمبولینس میں ہی اسکول پہنچ گئی اور اس کے اندر ہی امتحان دیا جس کی نگرانی کے لیے ایمبولینس میں ٹیچر بھی موجود تھی۔ زخمی طالبہ کیونکہ بیٹھ نہیں سکتی تھی اس لیے وہ لیٹ کر ہی پرچے کے سوالات کے جوابات زبانی بتاتی رہی اور دوسری طالبہ اس کے جوابات امتحانی کاپی پر تحریر کرتی رہی۔

Comments

- Advertisement -