تازہ ترین

چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلیے آزاد کشمیر میں ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ

آزاد کشمیر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے...

ملک سے کرپشن کا خاتمہ، شاہ خرچیوں میں کمی کریں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کھربوں روپے...

امریکا نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے پاکستانی اقدامات کی حمایت کر دی

امریکا نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے...

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم مزدور منایا جا رہا ہے

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم مزدور...

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی...

سرد موسم سے بیزار رپورٹر نے آن اسکرین جلی کٹی سنا ڈالیں

شدید سرد موسم اور برف باری کے دوران ہر شخص اپنے گھر میں رہ کر حرارت سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہے، لیکن کچھ ملازم ایسے ہوتے ہیں جنہیں مجبوراً اس موسم میں باہر نکل کر کام کرنا پڑتا ہے۔

ایسی ہی صورتحال ایک امریکی اسپورٹس رپورٹر کو پیش آئی جسے مجبوراً موسم کی صورتحال بتانے کے لیے باہر جانا پڑا اور ایسے میں وہ اپنی خفگی چھپا نہیں سکا اور آن اسکرین ہی گلے شکوے کر ڈالے۔

مارک ووڈلے نامی صحافی امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے ذیلی ادارے کے ڈبلیو ڈبلیو ایل سے بطور اسپورٹس رپورٹر وابستہ ہیں، لیکن سرد موسم اور برفباری کی وجہ سے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں منسوخ کردی گئیں جس کے بعد مارک کو ان کے دفتر کی جانب سے باہر جا کر موسم کی صورتحال پر رپورٹنگ کرنے کے لیے کہا گیا۔

ایسے میں ان کی بیزار کن اور طنزیہ رپورٹنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں جب اسٹوڈیو میں بیٹھا اینکر مارک سے موسم کی صورتحال پوچھتا ہے تو مارک جلی کٹی سنانا شروع کردیتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے معمول کے وقت سے 5 گھنٹے پہلے جاگ گیا ہوں اور یخ بستہ ہوا اور برفباری میں باہر کھڑا ہوا ہوں اور لوگوں کو یہ بتا رہا ہوں کہ وہ باہر نہ نکلیں۔

مارک نے اپنی بیزاری اور ناراضگی چھپانے کی ذرا بھی کوشش نہیں کی اور کہا کہ میں اسپورٹس رپورٹر ہوں لیکن سب کچھ منسوخ ہوچکا ہے اس لیے مجھے باہر نکلنا پڑا۔

ایک اور جگہ وہ کہتے ہیں کہ میں عموماً شام کے وقت اندر بیٹھ کر نصف گھنٹے کا پروگرام کرنے کا عادی ہوں لیکن اب باہر نکل کر مجھے طویل وقت تک رپورٹنگ کرنی ہے لہٰذا اب میری بدمزاجی میں اضافہ ہوتا پائیں گے۔

ایک اور موقع پر جب اینکر ان سے دوبارہ موسم کی صورتحال پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں، بالکل ویسا ہی جیسے 8 منٹ پہلے تھا۔

بعد ازاں مارک نے کہا کہ ایسا ہر سال ہوتا ہے جب سرد موسم آتا ہے اور سب کچھ بند ہوجاتا ہے تو انہیں موسم کی رپورٹنگ کے لیے باہر جانا پڑتا ہے، رپورٹنگ کے دوران ان کا انداز فطری ہے اور وہ درحقیقت اسی مزاج کے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں پچھلی شب 3 بجے علم ہوا کہ انہیں جلدی جانا ہے اور باہر نکل کر رپورٹنگ کرنی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی نیند بھی پوری نہیں کرسکے تھے۔

مارک کے مطابق ان کے مینیجرز کو ابھی ان کے اس انداز پر کوئی اعتراض نہیں لہٰذا یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

انہوں نے یہ ویڈیو اپنے ٹویٹر پر بھی پوسٹ کی اور کہا کہ میں نے اپنی بہن کے کہنے پر اسے ٹویٹر پر پوسٹ کیا، میرا خیال تھا کہ 20 سے 30 لوگ اسے دیکھ لیں گے، لیکن تھوڑی دیر بعد ہی مجھے میسجز آنا شروع ہوگئے کہ میری ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

مارک کی اس ویڈیو کو ان کے ٹویٹر پر اب تک کئی لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں اور اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -