پیر, مارچ 17, 2025
اشتہار

کیا نئے آئی فون کی رونمائی نئے چارجر کے ساتھ ہوگی؟

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے موبائل فونز میں چارجنگ کے لیے لائٹنگ اڈاپٹر استعمال ہو رہا ہے، اور یہ آئی فونز ہی کے لیے مخصوص ہے، تاہم اب سوال یہ ہے کہ جب 12 ستمبر کو نئے آئی فون کی رونمائی ہوگی تو کیا اس میں لائٹنگ اڈاپٹر کی جگہ ’’یو ایس بی- سی‘‘ چارج پوائنٹ ہوگا؟

دراصل یورپی یونین نے دسمبر 2024 تک موبائل بنانے والی کمپنیوں کو اس بات کے لیے پابند کر دیا ہے کہ وہ فونز میں ایک مشترکہ چارجنگ کنکشن رکھیں گے، تاکہ تمام موبائل فونز ایک ہی قسم کی چارجنگ تار سے چارچ ہو جائیں، اور اس طرح نہ صرف صارفین کو بچت ہو بلکہ ماحول کے تناظر میں کچرا بھی کم کیا جا سکے۔

یورپی یونین کے مطابق اس اقدام سے تمام صارفین کو غیر ضروری چارجر کی خریداری نہ کرنے سے 25 کروڑ یورو تک کی بچت ہوگی اور سال میں 11 ہزار ٹن کچرا کم بنے گا۔

اس تناظر میں جب 12 ستمبر کو نئے آئی فون کی رونمائی ہوگی تو اس بات کو یقینی سمجھا جا رہا ہے کہ اس میں ’یو ایس بی سی‘ چارج پوائنٹ ہوگا، کیوں کہ ایپل کے تقریباً تمام نئے پروڈکٹس میں اسی کا استعمال ہو رہا ہے جیسا کہ تازہ ترین آئی پیڈ۔

واضح رہے کہ یو ایس بی ٹائپ سی کی موجودہ قیمت 10 پاؤنڈ ہے جو 7300 پاکستانی روپے سے زیادہ بنتی ہے، اور یہ اگلے ہفتے لانچ ہونے والے آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں ممکنہ طور پر موجود ہوگا۔ بلومبرگ نیوز کے مطابق صارفین کو اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ وہ آئی پیڈز، آئی میکس اور آئی فون کے لیے ایک ہی چارجر کا استعمال کر سکیں گے اور ڈاؤن لوڈ کی رفتار بھی تیز ہوگی۔

ایک چارجر کا یہ قانون چھوٹے اور میڈیم سائز کے پورٹیبل الیکٹرانکس پر لاگو ہوگا جن میں درج ذیل مصنوعات شامل ہوں گی: موبائل فونز، ٹیبلٹ، ای ریڈرز، ماؤس اور کی بورڈ، جی پی ایس ڈیوائس، ہیڈ فونز، ہیڈ سیٹس اور ایئر فونز، پورٹیبل اسپیکرز۔ لیپ ٹاپ کو بھی ان قواعد کی پابندی کرنی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں