تازہ ترین

کیا کراچی میں بادل پھٹا؟ مرتضیٰ وہاب کے ٹوئٹ پر محکمہ موسمیات کی وضاحت

شہر قائد میں جمعرات کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا کہ ضلع وسطی میں بادل پھٹا جس پر محکمہ موسمیات نے فوری ردعمل دیا۔

شہر قائد میں جمعرات کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کو تالاب میں بدل دیا بالخصوص ضلع وسطی کے علاقوں ناگن چورنگی اور اطراف کی صورتحال ابتر ہوگئی کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک معطل اور گرین بس سروس بند کردی گئی جس کے بعد ایڈمنسٹریٹر کے ایک ٹوئٹ نے شہریوں میں ہلچل مچا دی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ضلع وسطی میں بادل پھٹا جس کے نتیجے میں کے ڈی اے اور ناگن چورنگی پر شدید بارش ہوئی۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹوئٹ میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کا اسی حوالے سے بیان کا عکس بھی پوسٹ کیا اور مزید لکھا کہ نالوں اور ڈرینیج نظام صحیح کام کرنے سے پانی کی سطح تیزی سے نیچے آرہی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مشینری کام پر لگا دی گئی ہے اور شہر کے تمام انڈر پاسز ٹریفک کیلیے کلیئر ہیں۔

 

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا بادل پھٹنے کے دعوے پر مبنی ٹوئٹ آنے کی دیر تھی کہ محکمہ موسمیات بھی میدان میں آگیا اور اس نے واضح کردیا کہ نیوکراچی اور اس کے اطراف میں بادل نہیں پھٹے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ نیو کراچی اور اطراف میں بادل نہیں پھٹے، تاہم شہر میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کی پیشگوئی پہلے ہی کردی گئی تھی اور بارش کا یہ سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔

Comments

- Advertisement -
ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔