تازہ ترین

چیئرمین پی ٹی آئی کے نیب کیسز میں بھی جیل ٹرائل کا فیصلہ

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کے نیب کیسز میں بھی جیل ٹرائل کافیصلہ کرلیا گیا، احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں ہی توشہ خانہ نیب اور 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیسز کی سماعت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ نیب تحقیقات اور ایک سونوے ملین پاؤنڈکرپشن کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، چیئرمین پی ٹی آئی کے نیب کیسز میں بھی جیل ٹرائل کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں ہی توشہ خانہ نیب اور 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیسز کی سماعت کرے گی۔

گذشتہ روز سائفرکیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کےتحت قائم خصوصی عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہی ہوگا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی کا ٹرائل یکم دسمبرسے جیل میں ہوگا، عوام،میڈیا،ملزمان کے پانچ پانچ فیملی ممبرز کو آنے کی اجازت ہوگی، یس کی سماعت جمعے سے اڈیالہ جیل میں شروع ہوگی۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو خطرہ کم نہیں ہوا، جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں مقدمے کی سماعت کیس کیلئے محفوظ ہے نہ ملزمان کیلئے محفوظ ہے۔ ان تمام وجوہات کی بنیاد پر عدالت کا انحصار ملزمان کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے پرہے، ٹرائل اوپن جیل میں ہوگا۔ سماعت میں شریک ہونےوالے تمام افرادکو خصوصی اجازت لینی پڑے گی۔

Comments

- Advertisement -