تازہ ترین

جماعت اسلامی کا کل انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کے باہر دھرنے کا اعلان

کراچی : جماعت اسلامی نے کل انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کے باہر دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر ہمارے بچوں کی تعلیمی نسل کشی کی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ رزلٹ کالعدم قرار دیں۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انٹر میں فیل ہونے والے طلبا کے حوالے سے کہا کہ ہمارے بچوں سے تعلیم چھین لی گئی ہے، نااہلی اور غفلت کےنتیجے میں بچوں کو فیل کردیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گیارہویں جماعت سائنس، کامرس، آرٹس گروپ کارزلٹ آیا، پہلے کراچی کے80 فیصد بچوں کو فیل کیا گیا، اب 66 فیصد بچوں کو فیل کردیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 2 بار لیا گیا، چیٹنگ کرائی گئی ،پیپرلیک کیاگیا، دشمنی میں اتنا آگے نکل گئے کہ ایم ڈی کیٹ،جامعہ کراچی، این ای ڈی ٹیسٹ کے قابل بھی نہ رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تعلیمی دہشت گردی ہے، تعلیمی نسل کشی کی جارہی ہے، حکمراں طبقہ چاہتا ہےکراچی کےنوجوان کو اسٹریٹ کرمنل، منشیات فروشوں کے حوالے کردیں؟ یا کراچی کے نوجوان خود اسٹریٹ کرمنل بن جائیں؟

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انٹر امتحانات صرف مہاجروں نہیں سندھی ،پختونوں،غیرملکیوں نے بھی دیئے، پیپلزپارٹی وڈیرہ شاہی نظام مسلط کرنا چاہتی ہے، کراچی کے بچوں کیلئے راستہ ہی بند کردیا کہ روزگار کیسے ملے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے بیان پر امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت سندھ پیپلزپارٹی کا ایکسٹینشن ہے، وزیراعلیٰ مقبول باقر سے ایسے ردعمل کی توقع نہیں تھی، آپ کو حالات کی سنگینی کا علم نہیں یا آپ ملے ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ رزلٹ کالعدم قرار دیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کل انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کے باہر دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل صبح 11بجے انٹربورڈ آفس پر دھرنا دیا جائے گا، دھرنے میں طلبا اپنی مارک شیٹس بھی ساتھ لیکر آئی، شہر کے سارے بچے ہمارے ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹیک ہولڈرزکی کمیٹی بنائی جائے اور دوبارہ سےکاپیاں چیک ہوں تاکہ شفافیت سامنےآئے، اگریہ کام نہیں کیا گیا تو پورے عمل کو ایکسپوز کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کراچی کا کوئی بھی مسئلہ ہو صرف جماعت اسلامی باہر نکلتی ہے، کراچی میں باقی سب جماعتوں نے سمجھوتہ کیا ہوا ہے، کراچی کے لوگ ان جماعتوں کے رویوں کو سمجھ گئے ہیں ، ہم انہیں بری طرح ناکام کریں گے، جتنے ہتھکنڈے کرلیں مسترد کردیں گے۔

Comments

- Advertisement -