فیصل آباد : لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے اہم سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم شہریوں سے رقم وصول کرکے نیٹ ورک کو بھیجتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے اہم سہولت کار عادل کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم انسانی اسمگلنگ کےبین الاقوامی نیٹ ورک سے رابطےمیں تھا، ملزم کی بینکنگ تفصیلات لے لی گئیں ہیں اور موبائل فون کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزم عادل شہریوں سے رقم وصول کرکے نیٹ ورک کو بھیجتا تھا، ملزم کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں انکوائری درج تھی۔
خیال رہے رواں سال لیبیا کے ساحل سے بحیرہ روم میں کشتیوں کے ڈوبنے کے دو قابل ذکر واقعات ہو چکے ہیں، جن میں متعدد پاکستانی جان کی بازی ہار چکے ہیں، پہلا واقعہ فروری میں اور دوسرا اپریل میں پیش آیا۔
بعد ازاں اس وقت کے وزیر اعظم شہباز شریف نے تعلقہ حکام کو انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کی ہدایت کی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا تھا۔