اشتہار

9 مئی واقعے میں ملوث شرپسندوں کے گرد شکنجہ کسنے کیلیے اہم فیصلے

اشتہار

حیرت انگیز

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ہے جس میں 9 مئی کے واقعے میں ملوث دہشتگردوں کے گرد شکنجہ کسنے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور دہشتگردی واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنے والے افراد کے لیے نقد انعامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملے کے نامزد ملزمان کی سہولت کاری پر اظہار تشویش کیا گیا اور دہشتگردوں کو غیر معمولی سہولت کاری پہنچانے پر ایک جج کیخلاف خلاف ریفرنس بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

- Advertisement -

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نامزد ملزموں کی غیر قانونی اور غیر آئینی سہولت کاری کا فیصلہ چیلنج بھی کیا جائے گا کیونکہ نامزد ملزموں کی سہولت کاری انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر لاہور ڈویژن کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم آج زمان پارک جائے گی۔

اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نادرا کے ذریعے ملزمان کی شناخت اور گرفتاریاں یقینی بنائی جا رہی ہیں، ٹاپ لیڈر شپ سے ٹیلی فونک رابطے کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آ رہے ہیں اور لاہور میں ٹاپ لیڈر شپ سے رابطے کی 628 کالیں ٹریس ہو چکی ہیں۔

اس موقع پر شرکا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث مفرور شرپسندوں کی جلد گرفتاری اور ان کیخلاف درج کیسز کی بھرپور پیروی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جب کہ متعلقہ کمشنرز اور آر پی اوز کو پراسیکیوشن کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے روزانہ خود میٹنگ کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، اس روز مذموم منصوبہ بندی کے تحت دہشتگردی کی گئی۔ آرمی تنصیبات اور عوامی اثاثوں پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں