تازہ ترین

مونس الہٰی نے پی ڈی ایم کی جانب سے وزارت اعلیٰ کی آفر ٹھکرا دی

مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے پی ڈی ایم کی جانب سے پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑنے پر پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے کی آفر ٹھکرا دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ شب وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی پی ڈی ایم کے وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں جس کے بعد سیاسی حلقوں اور صحافتی حلقوں میں اس حوالے سے افواہیں پھیلنے لگیں جس پر ق لیگ کے رہنما اور پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے ردعمل دیا ہے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس ممکنہ پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔

مونس الہٰی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے پنجاب کی وزیر اعلیٰ کی آفر قبول نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ق لیگ کو پی ڈی ایم کی جانب سے دی گئی آفر میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

مونس الہٰی نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ ایک صحافی کی ٹوئٹ کا عکس بھی پوسٹ کیا ہے جس میں اس آفر کا ذکر ہے اور اس کے جواب میں ق لیگی رہنما نے ایبسولوٹلی ناٹ کا جملہ کہہ کا دو لفظوں میں بات ختم کی ہے۔

 

واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے 23 دسمبر کو پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے بعد سیاسی ہلچل مزید تیز ہوگئی ہے اور گزشتہ شب ن لیگ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے بھی وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو 21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیا ہے۔

Comments

- Advertisement -