تازہ ترین

پرانی حلقہ بندیوں پر الیکشن ووٹرز کا استحصال ہوگا، فاروق ستار

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پرانی حلقہ بندیوں پر الیکشن ہوئے تو یہ عوام کے ووٹ کا استحصال ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے بتایا کہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پرانی حلقہ بندیوں پرالیکشن نہیں ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے جو کہا ہم اس پر ہی انحصار کریں گے، ہمیں یہ بھی پتہ چلاہے کہ وقت سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کی جائیں گی تاکہ 90دن کا وقت ملے، جس کی وجہ سے حلقہ بندیاں کی جاسکیں گی۔

فاروق ستار نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، 90 دن اور اگر15دن اوپر بھی چلے جائیں تو کون سی قیامت آجائے گی۔ پرانی حلقہ بندیوں پرالیکشن ہوئے تو یہ عوام کے ووٹ کا استحصال ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نگراں سیٹ اپ کو طول دینے کیلئے ایم کیوایم کا کندھا استعمال نہیں کیاجائیگا،

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں کی جانے والی ہیراپھیری کو ہم نے رنگے ہاتھوں پکڑا ہے، کوئی ذی شعور یہ بات ماننے کو تیار نہیں کہ کراچی کی آبادی بڑھنے کےبجائے کم ہوئی ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ سیاسی طور پر دانشمندانہ نہیں ہوگا، ن لیگ کو مشورہ ہے کہ اس قسم کے فیصلوں سے گریز کرے اس سے جمہوریت اور سیاست کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو مشورہ دینگے اسحاق ڈار کو نگراں وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ نہ کریں، چارٹرآف اکانومی کی بات کی جاتی تھی آئیں اس پر کام کرتے ہیں، نگراں وزیراعظم کوئی بھی ہو اسے غیرجانبدار ہونا چاہیے۔

Comments

- Advertisement -