اشتہار

’نواز شریف دوبارہ پارٹی قیادت سنبھالیں‘، (ن) لیگ پنجاب نے قرارداد پیش کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو دوبارہ پارٹی کی قیادت سونپنے کیلیے (ن) لیگ پنجاب نے قرارداد پیش کر دی۔

صدر (ن) لیگ پنجاب رانا ثنا اللہ نے پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نواز شریف کو سازش کے تحت نااہل کر کے پارٹی کی صدارت سے الگ کیا گیا تھا تاہم اب تمام جبر کی رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں اللہ نے عدالت سے ان کو سرخرو کیا۔

رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ (ن) لیگ پنجاب نے اجلاس میں قرارداد پیش کی کہ نواز شریف دوبارہ پارٹی صدارت سنبھالیں، اس مشکل وقت میں وہ پارٹی کی دوبارہ قیادت کریں، ہمیں یقین ہے ان کی قیادت میں پارٹی پہلے سے بڑھ کر اپنی مقبولیت حاصل کریں گی۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں الیکشن سے پہلے اور بعد سیاسی صورتحال پر تجاویز دی گئیں جو قیادت کو پیش کی جائیں گی، اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کی بھرپور تائید کی گئی، وہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی حکومت پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں عوام کو ریلیف دے رہی ہے، صوبائی حکومت مہنگائی کم اور عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کی کوششیں کر رہی ہے، پارٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کوششوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اپنے امتیاز کو برقرار بلکہ مریم نواز اور شہباز شریف کی قیادت میں اضافہ کرے گی، ہم کبھی بھی رائے کا اظہار کرنے میں قدغن کا شکار نہیں ہوئے بلکہ ہمیشہ ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 2017 میں جو زیادتی نواز شریف کے ساتھ کی گئی ہم اس کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف کو نواز شریف کی قیادت پر اتنا ہی یقین ہے جتنا ہمیں ہے، وفاق میں بنیادی طور پر جتنے فیصلے ہوئے کوئی ایسا نہیں جس میں وزیر اعظم نے نواز شریف سے منظوری نہ لی ہو۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ (ن) لیگی قائد جو بیانیہ دیں گے وہی چلے گا چاہے وہ مفاہمت کا ہو یا مزاحمت کا، مخلوط حکومت پارٹی کے منشور کی پابند نہیں ہے۔

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہٹ دھرمی اور غیر سیاسی رویہ 14 سال سے ہے جس کی وجہ سے ملک نقصان اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں ہیں اگر ان کو عدالت ضمانت دے تو باہر آ جائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں