تازہ ترین

بجلی کے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بڑی خبر آگئی

اسلام آباد: نیپرا حکام نے بجلی 3 روپے 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست میں کہا ہے کہ اضافے سے 200 یونٹ صارفین کے بلوں میں 650 سے 700 روپے کا فرق آئے گا۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا میں بجلی 3 روپے 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی ، سی پی پی اے نے بجلی مہنگی کرنے کیلئے نیپرا میں درخواست دائرکر رکھی ہے ، اضافہ اکتوبر 2023 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔

قیمتوں میں من وعن اضافے سے صارفین پر تقریباً 40 ارب کا بوجھ پڑے گا تاہم بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

دوران سماعت نیپرا حکام نے کہا ہے کہ اکتوبر میں پانی سے 6.20 فیصد زیادہ بجلی پیدا کی گئی، درآمدی کوئلے سے 13.3 فیصد اور گیس سے 5.38 فیصد کم بجلی پیدا کی گئی۔

ممبر نیپرا مقصود انور کا کہنا تھا کہ آبادی بڑھ رہی اور بجلی پیداوارکم ہورہی یہ الارمنگ ہے ، ممبر نیپرا رفیق شیخ نے مزید کہا کہ اگر موسم کی وجہ سے ہے تو ٹھیک ہے انڈسٹری کی حد تک یہ الارمنگ ہے۔

سی پی پی اے نے کہا کہ فیول کی ریفرنس کے فرق کے باعث 28 ارب کی سابقہ ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے، 200 یونٹ صارفین کے بلوں میں 650سے 700 روپے کا فرق آئے گا۔

نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 10 کروڑ 33 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

Comments

- Advertisement -