تازہ ترین

کیب ڈرائیور نے مسافر کو تھپڑ مار دیا، پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل

نئی دہلی: آن لائن کیب ڈرائیورز عموماً اچھی ساکھ کے لیے سواریوں کے ساتھ سلیقے سے پیش آتے ہیں تاہم بھارتی شہر دہلی میں اس کے برعکس واقعہ رونما ہوا جب ڈرائیور نے رائیڈ کینسل کی اور مسافر سے پیسے بھی دگنے مانگنے لگا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر کرن ورما نامی ایک شہری نے پوسٹ کی کہ اولا کیب ڈرائیور نے اس کے ساتھ نہایت برا برتاؤ کیا اور 6 سالہ بیٹے کے سامنے انھیں ڈرائیور نے تھپڑ مارے۔ یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

لنکڈاِن پر سامنے آنے والی پوسٹ میں کرن ورما نے بتایا کہ گزشتہ ماہ انھوں نے کسی کو ایئرپورٹ سے لینے کے لیے اولا کیب بک کی تھی، جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب کیب ڈرائیور نے سواری منسوخ کرنے اور نقد رقم ادا کرنے پر اصرار کیا۔ یہ جھگڑا تب بڑھ گیا جب ڈرائیور نے مبینہ طور پر ٹریفک جام ہونے کا کہہ کر بالکل مختلف راستہ اختیار کیا۔

کرن نے پوسٹ میں لکھا کہ گاڑی ایک کلومیٹر بھی نہیں گئی تھی جب ڈرائیور نے گاڑی روک لی، اور مجھ سے اضافی رقم مانگنے لگا، جب میں نے انکار کیا تو ڈرائیور چیخنے چلانے لگا جس سے میرا چھ سالہ بیٹا گھبرا گیا، اور ہم گاڑی سے اتر گئے، اس کے بعد انھوں نے اولا ہیلپ لائن اور پولیس کو کال کی، لیکن ڈرائیور نے ان پر حملہ کر کے تھپڑ مارے۔

کرن کے مطابق اولا سپورٹ ایگزیکٹو نے انھیں ڈرائیور کو ادائیگی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم کمپنی میں درج کی گئی شکایت کمپنی نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ہٹا دی، اور ڈرائیور کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے کرن ورما کے تجربے کو خوف ناک قرار دیا۔

Comments

- Advertisement -